جب آپ اپنا کاروبار شروع کرنے کے بارے میں سوچ رہے ہوں تو آپ کے سامنے ایک سے زیادہ راستے موجودہیں: آپ کاروبار کو بالکل نئے سرے سے شروع کرسکتے ہیں یا پہلے سے موجود کوئی کاروبار خرید سکتے ہیں یا فرنچائز کی طرح کے کسی کاروباری موقع کو مد نظر رکھ سکتے ہیں۔
اس وقت ہم آپ کو ’’فرنچائز‘‘ سے متعلق کچھ معلومات فراہم کرتے ہیں۔
فرنچائز خریدنا اور چلانا بھی دوسرے کاروباروں کی طرح ہے۔ یہ کافی منافع بخش ثابت ہو سکتی ہے۔
ہزاروں کی تعداد میں فرنچائزڈ کاروبارمشہور قومی برانڈز سے لے کر مقامی کاروباروں تک تقریباً ہر صنعت میں موجود ہیں۔ مشکل مرحلہ یہ ہے کہ ایک ایسے کاروبار کا فیصلہ کیا جائے جس میں آپ کی دلچسپی بھی ہو اور جو اچھی سرمایہ کاری بھی ثابت ہو۔ فرنچائزنگ کے بہت سے ماہرین یہ تجویزکرتے ہیں کہ آپ اپنے لیے موزوں فرنچائز خریدنے سے پہلے مختلف فرنچائزز کے مواقع دیکھ کر موازنہ کریں۔
فرنچائز کیا ہے، کیسے کام کرتی ہے؟
٭…فرنچائز کے ذریعے آپ نیا کاروبار شروع کرتے وقت اندازے سے کیے جانے والے کاموں سے بچ جاتے ہیں ٭… نگرانی کا موثر نظام آپ کے مسائل کی شناخت کرنے اور ان کو حل کرنے کے لیے آپ کی مدد کرے گا ٭… خبردار رہیں آپ کو اس پہلی ابتدائی فیس کے علاوہ دوسری شروعاتی لاگتیں بھی برداشت کرنا پڑ سکتی ہیں ٭
جب آپ ایک فرنچائز خریدتے ہیں تو آپ کو کسی مخصوص ٹریڈ مارک یا کاروباری تصور کو استعمال کرنے کا حق مل جاتا ہے۔ جوکاروبار آپ چلائیں گے وہ بالکل ایسا ہی ہے جیسے اسی طرح کے نام کے دوسرے کاروبار ہیں۔ ایسا کرنے کے لیے آپ کو فرنچائزر (وہ کمپنی جوکہ کاروبار کو چلانے کا حق رکھتی ہے) سے چیزیں خریدنے کی ضرورت ہوگی جیسے: پروڈکٹس، آلات، اشتہارات میں مدد اور تربیت۔
جب آپ کاروبار خریدتے ہیں تو اس کے معاملات فرنچائز کے معاہدے کی شرائط کے مطابق چلتے ہیں۔ بہت سے لوگوں کے نزدیک فرنچائزنگ کا یہ سب سے بڑا فائدہ ہے۔ آپ فرنچائز والوں کی طرف سے مہیا کردہ کاروباراورتجارتی نام کی وجہ سے پیسہ کماتے ہیں۔ اصل بات یہ ہے کہ فرنچائزنگ لوگوں کو کاروبار چلانے کے قابل بناتی ہے نہ کہ کاروبار شروع کرنے کے۔
فرنچائز لینے کے فوائد
آپ فرنچائز خرید کر درج ذیل فوائد حاصل کرتے ہیں:
1کم خطرات: نئے کاروبار کی نسبت فرنچائز کے ناکام ہونے کے امکانات بہت کم ہوتے ہیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ آپ ایسا کاروباری تصور خرید رہے ہیں جس میں زیادہ تر مسئلے پہلے سے ہی کسی اور نے حل کر دیے ہیں۔آپ ایک مکمل پیکج حاصل کرتے ہیں۔ ایک نیا کاروبار شروع کرتے وقت اندازے سے جو کام کیے جاتے ہیں فرنچائز کی صورت میں آپ اس سے بچ جاتے ہیں۔ آپ کے سارے پیکج میں ٹریڈ مارکس، پہلے سے قائم شدہ چیز تک آسان رسائی، مارکیٹنگ کا ثابت شدہ طریقہ، سامان اور انونٹری وغیرہ شامل ہوسکتے ہیں۔ 2 اعدادوشمار کی طاقت: جب آپ ایک فرنچائز کے مالک ہیں تو آپ کی قوت خرید فرنچائز کے سارے نیٹ ورک کی قوت خرید ہے۔ جوکہ چیزیں سستی حاصل کرنے اور بڑے قومی سطح کے سٹوروں کے ساتھ مقابلہ کرنے میں آپ کی مدد کر سکتی ہے۔
3کاروبار کا طریقہ کار: بہت سی فرنچائزز اپنے فرنچائز والوں کو مختلف ثابت شدہ سسٹم مہیا کرتی ہیں جس میں مالیاتی اور اکائونٹنگ سسٹم، مسلسل تربیت اور مدد، تحقیق و ترقی، سیلز اور مارکیٹنگ میں مدد، منصوبہ بندی اور مستقبل کے بارے میں پیشگوئیاں، مال کا انتظام و انصرام وغیرہ شامل ہیں۔ وہ آپ کو وہ طریقے بتائیں گے جن سے ان کا کاروبار کامیاب ہوا ہے اور وہ آپ کے کاروبار میں ان طریقوں کے استعمال میں آپ کی مدد کریں گے۔
4 مالیاتی اور جگہ چننے میں مدد: کچھ کمپنیاں آپ کی ابتدائی فرنچائز کے لیے آپ کی مالی مدد کریں گی تا کہ آپ کم سے کم سرمائے کے ساتھ اپنا کاروبار شروع کر سکیں۔ وہ کاروبار کے لیے جگہ چننے میں آپ کی مدد بھی کر سکتے ہیں تا کہ آپ کا کاروبار ایک ایسی جگہ پر موجود ہو جہاں پر یہ مزید بڑھ سکتا ہے۔
5 اشتہارات اور پروموشن: آپ فرنچائزر کے نہ صرف قومی یا علاقائی اشتہارات اور پروموشن کی مہمّات سے فائدہ اٹھائیں گے، بلکہ وہ دوسری جگہوں پر بھی آپ کی مدد کریں گے۔ اشتہاراتی کوششوں کے لیے کیمرہ ریڈی کاپی سے لے کر سٹور کے اندر موجود اشتہاراتی مواد تک کو بنانے کے لیے، اگر آپ یہ سارا مواد خود بنواتے ہیں تو اس کے لیے کافی زیادہ لاگت آئے گی ۔
فرنچائزنگ کے کن قوانین کا پتہ ہونا چاہیے؟
آپ کو کسی بھی معاہدے میں شامل ہونے سے پہلے اپنے وکیل، اکاونٹنٹ یا پھر کسی دوسرے مشیر کو تعارفی دستاویزات (Disclosure Documents) اور مجوزہ معاہدے دکھانے چاہییں۔ تعارفی دستاویزات جو آپ کو فرنچائزر کی طرف سے مہیا کی جاتی ہیں ان سے آپ کو کمپنی معاملات کا اندازہ ہو سکتا ہے۔ یہ ضروری ہے کہ آپ اس کو مکمل طور پر دیکھیں، (بہتر ہے کہ وکیل، اکاونٹنٹ یا کاروباری مشیرکی مدد کے ساتھ)، تاکہ آپ فرنچائزر سے متعلق سب کچھ سیکھ لیں۔
اس کے ساتھ ساتھ آپ مندرجہ ذیل چیزیں مد نظر رکھیں گے:
کیا فرنچائزر ایک کامیاب ادارہ ہے؟
فرنچائزر کے ذاتی اور کاروباری ناموں ، اس کے ادارے ، اس کے پس منظر اور اس کی معاشی تاریخ سے متعلق سب کچھ جانیں۔۔۔۔ آپ کو یہ بھی دیکھنے کی ضرورت ہوگی کہ کیا یہ کامیابی آپ کے علاقے میں بھی حاصل کی جا سکتی ہے؟
مجھے اس کے لیے کیا ادا کرنا پڑے گا؟
تعارفی دستاویزات میں اپنی فرنچائز شروع کرنے اور اس کو چلانے کے لیے مطلوبہ فیسوں کی مکمل فہرست ہونی چاہیے۔ یہ آپ کو دوسری ذمہ داریوں، جیسے: وہ مال یا سامان جو آپ فرنچائزر سے خریدیں گے، اس کے بارے میں بھی بتائے گا۔
کیا میرا علاقہ صرف میرے لیے ہو گا؟
آپ کو یہ بھی جاننا چاہیے کہ آیا فرنچائزر، دوسرے سٹورز آپ کے علاقے میں کھولے گا یا نہیں؟ نیز کیا وہ اپنی پروڈکٹ ڈاک کے ذریعے آپ کے علاقے میں بیچ سکتا ہے یا نہیں؟ آپ کو اپنے اختصاص کے لیے سیلز کی کچھ شرائط پوری کرنا پڑیں گی۔
میں کیا چیزیں اور کیسے بیچ سکوں گا؟
ہو سکتا ہے آپ فرنچائزر کی منظور شدہ کچھ چیزوں کو بیچ سکیں اور ان کو بیچنے کے طریقے بھی محدود ہوں گے۔ مثال کے طور پر آپ کو اس بات کی اجازت دی جائے کہ آپ اپنے سٹور پر آنے والے لوگوں کو ہینڈل کر سکتے ہیں، لیکن یہ بھی ہوسکتا ہے آپ اپنے علاقے سے باہر نہیں بیچ سکتے۔
فرنچائزر مجھے کون سی سروسز مہیا کرے گا؟
دیکھیں کہ آپ کو فرنچائز کھولنے سے پہلے اور اس کے بعد کون سی سروسز مہیا کی جائیں گی۔ آپ یہ بھی جاننا چاہیں گے کہ اس کے لیے کس طرح کی تربیت ضروری ہے۔ یہ کہاں پر ہوں گی اور اس کے لیے کتنی لاگت آئے گی۔ کسی فرنچائز کا جائزہ لیتے وقت ان باتوں کا خیال رکھیں:
منافع: اس بات کا یقین کر لیں کہ فرنچائز دینے والے اور فرنچائز لینے والے دونوں مالیاتی طور پر ٹھیک ٹھاک ہیں۔
کامیابی کا ایک مکمل ریکارڈ: آیا کہ یہ کاروباری تصور صحیح ہے؟ کیا یہ تصور کہیں اور بھی کامیاب ہوچکا ہے؟ کیا فرنچائزر کی ادھار لین دین کی درجہ بندی اچھی ہے یا بری؟
ایک مضبوط یو ایس پی: آپ ایک ایسا کاروبار چاہتے ہیں جو کاروباری مقابلے میں ممتاز نظر آئے، کیونکہ آپ نہیں چاہتے کہ آپ بھی وہی پرانی چیزیں بیچتے نظر آئیں۔
کامیاب انتظامات: نگرانی کا موثر نظام آپ کے مسائل کی شناخت کرنے اور ان کے حل میں آپ کی مدد کرے گا۔ اچھا کاروباری تاثر: یہ اہم ہے کہ عوام پر آپ کے کاروبار کا تاثر اچھا پڑے، کیونکہ آپ کے کاروبارکا انحصار آپ کی شہرت پر ہے۔ علاوہ ازیں ایسا کاروباری تصور تلاش کریں جو قومی سطح پر پھیلایا جا سکتا ہو، تاکہ آپ کا کاروبار مقامی طور پر بڑھ سکے۔
یک جہتی اور لگاؤ: آپ اصل میں یہ چاہتے ہیں کہ فرنچائزر، فرنچائز کے معاملات میں کافی زیادہ وقت خرچ کرے، کیونکہ آپ اس بات کا یقین دلانا چاہتے ہیں کہ سارے فرنچائزز کو چند لازمی شرائط پوری کرنی چاہییں،
کیونکہ آپ کی کامیابی ان لوگوں کے ساتھ منسلک ہے۔
ایک کامیاب صنعت:اس طرح کی صنعتیں تلاش کریں جو تیزی سے بڑھ رہی ہیں۔
کتنی فیس ادا کرنے کی توقع کرنی چاہئے؟
آپ کو اپنی فرنچائز کے لیے بنیادی طور پر دو طرح کی فیسیں دینا ہوں گی: بنیادی فیس، اور کاروبار برقرار رکھنے کی مسلسل فیس۔ پہلی فیس آپ، فرنچائز کھولنے کے مطلوبہ حقوق حاصل کرنے کے لیے ادا کرتے ہیں۔ ظاہر ہے آپ فرنچائزر کے کاروباری طریقوں اور ڈسٹری بیوشن کے حقوق استعمال کرنے کے لیے حقوق خرید رہے ہیں۔ اجازت لینے کے یہ اخراجات کافی زیادہ بھی ہوسکتے ہیں، خاص طور پر کسی مشہور اور کامیاب فرنچائز کے لیے یہ لاکھوں میں بھی ہو سکتے ہیں۔ اکثر اس چیز کا انحصار اس علاقے کی قدروقیمت پر بھی ہوتا ہے۔ اس لیے آپ کی مارکیٹ جتنی بڑی ہو گی، اتنی زیادہ آپ کو ادائیگی کرنا ہو گی۔ خبردار رہیں کہ آپ کو اس پہلی ابتدائی فیس کے علاوہ دوسری شروعاتی لاگتیں بھی برداشت کرنا پڑ سکتی ہیں۔