عبدالمنعم فائز ملازمین کو اہمیت دینا کاروباری ترقی کا مجرب راز فاسٹ فوڈ کا نام سنتے ہی آپ کے ذہن پر میکڈونلڈ کا نام دستک دینے لگتا ہے۔ مگر کیا کبھی آپ نے سوچا کہ میکڈونلڈ نے اس مقام کو کیسے حاصل کیا؟ یہ ایسی کمپنی ہے جس میں ملازمت کرنا ہر نوجوان کا خواب ہوتا ہے۔ اس کے ملازم دوسرے اداروں کی طرح نہیں جو ہر لمحہ بہتر نوکری کی فکر میں لگے رہیں۔ مشہور ہے کہ ملازمین کی حوصلہ افزائی میکڈونلڈ کے ڈی این اے میں شامل ہے۔
٭…یہ نظریہ پرانا ہوگیا کہ ملازم کی تنخواہ بڑھادیں، وہ دلجمعی سے کام کرتا رہے گا۔ دنیا بھر کی سروے رپورٹس نے تصدیق کردی ہے کہ 70فیصد ملازمین کی رائے یہ ہے کہ پیسے سے زیادہ تعریف اور حوصلہ افزائی کی اہمیت ہے
میکڈونلڈ کا ہر ریسٹورنٹ مستقل ادارہ سمجھا جاتا ہے۔ ملازموںکی قدردانی اور حوصلہ افزائی نے اس کمپنی کو دنیا کی چند بڑی ملٹی نیشنل کمپنیوں تک پہنچا دیا ہے۔ میکڈونلڈ دوسری کمپنیوں کے برعکس اپنے ملازمین کو بے شمار بونس دیتی ہے۔ ہر مہینہ اعلی ترین کارکردگی دکھانے والے دس فیصد ریسٹورنٹ منتخب کرتی ہے۔ ان کے تمام ملازمین کو انعامی رقم دی جاتی ہے۔ پھر جس ریسٹورنٹ کا منیجر اعلی کارکردگی کے تین پوائنٹ حاصل کرلے، اسے بھرپور انعام سے نوازا جاتا ہے۔ میکڈونلڈ نے صرف انعامات دینے کے لیے الگ شعبہ بنا رکھا ہے جس کا نام ہے:motivation and incentive scheme۔ اس اسکیم میں ملازمین کو انعامات دینے کے لیے سات اسکیمیں رکھی گئی ہیں۔ ان اسکیموں کا مقصد ملازمین کو ذہنی آسودگی اور کام پر بھرپور توجہ رکھنے پر آمادہ کرنا ہے۔ سو، معلوم ہوا کہ ملازمین کی حوصلہ افزائی اور ان پر نوازشات ایک بڑا کاروباری راز ہے۔ آئیے! مزید سمجھتے ہیں۔
حوصلہ افزائی کی اہمیت
لوگ کسی بھی ادارے کا سب سے قیمتی سرمایہ ہوتے ہیں۔ ماہرین کہتے ہیں کہ بہترین کمپنی وہ ہوتی ہے جو اپنے ملازمین کی عزت کرنا جانتی ہو۔ جو کمپنیاں اپنے ملازمین کو عزت دیتی ہیں، کامیابی ان کے قدم چومتی ہے۔ جو کمپنی ملازمین کو پیسہ کمانے کا ہتھیار سمجھتی ہیں، وہ کبھی کامیاب نہیں ہوتی۔ ملازمین ہتھیار نہیںہوتے وہ ترقی کے سفر میں مالکان کے پارٹنر ہوتے ہیں۔ آج جاپانی مصنوعات نے دنیا بھر کی مارکیٹ پر قبضہ جمارکھا ہے۔ مگر تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ جاپانی کمپنیوں کی کامیابی کا ایک راز ملازمین کی عزت بھی ہے۔ تمام جاپانی کمپنیوں میں مالکان اور ملازمین ایک ہی جگہ بیٹھ کر کھانا کھاتے ہیں۔
یہ نظریہ پرانا ہوگیا کہ ملازم کی تنخواہ بڑھادیں، وہ دلجمعی سے کام کرتا رہے گا۔ دنیا بھر کی سروے رپورٹس نے تصدیق کردی ہے کہ 70فیصد ملازمین کی رائے یہ ہے کہ پیسے سے زیادہ تعریف اور حوصلہ افزائی کی اہمیت ہے۔ اس لیے دنیا میں وہی ادارے ترقی کرتے ہیں جو اپنے ملازمین کی عزت کرنا جانتے ہیں۔ یاد رکھیے! دنیا کی مہنگی ترین مشینری بھی پیسوں سے خریدی جاسکتی ہے، دنیا کا خوبصورت ترین دفتر پیسے سے بنایا جاسکتا ہے، مگر بہترین ملازمین صرف اخلاق سے ہی حاصل کیے جاسکتے ہیں۔ فریڈ لوتھن لکھتے ہیں: امریکا کی ایک مشہور کمپنی کے ملازمین یکے بعد دیگرے استعفی دے رہے تھے۔ کوئی دن جاتا تھا کہ کسی ملازم کا استعفی نہ آیا ہو۔ بہت کم عرصہ میں کمپنی کے تقریبا آدھے ملازمین دوسری کمپنی سدھار گئے۔ ایک دن میری ملاقات کمپنی کے منیجر سے ہوئی۔ ہم ایک فائیو اسٹار ہوٹل میں اکٹھے ہوگئے۔ وہ ملازمین کے اس طرح جانے پر کبیدہ خاطر اور رنجیدہ تھے۔ میں نے کھانے کی میز پر ان سے پوچھا: آپ نے ملازمین کی حوصلہ افزائی اور ترغیب کے لیے کیا اقدام کیے ہیں؟ یہ سن کر وہ کہنے لگا: ’’ہم صرف کام سے کام رکھتے ہیں۔ ہم صرف اپنے مشن پر توجہ دیتے ہیں۔‘‘ اس کے یہ الفاظ سن کر ہی میں سمجھ گیا کہ کمپنی کی ناکامی کا سبب اس کی پالیسیاں ہیں۔ جب کمپنی، ادارہ اور دفتر اپنے ملازمین کو مشین سمجھنے لگتا ہے تو اس کا زوال شروع ہوجاتا ہے۔
حوصلہ افزائی کے فائدے
ملازمین کی حوصلہ افزائی کے بے شمار فوائد ہیں:
تخلیقیت: کوئی بھی ملازم اس وقت تک تخلیقی صلاحیت کا اظہار نہیں کرسکتا جب تک وہ خوش و خرم اور ذہنی دبائو سے آزاد نہ ہو۔ اگر اس کے گھر میں بیماری ہو، دفتر میں باس روزانہ جھڑکتا ہو، اس کی تمام تر دماغی صلاحیتیں دفن ہوجاتی ہیں۔
تیز ترین ترقی:یہ سمجھنا بے وقوفی ہے کہ ایک ملازم چلا گیا تو کوئی دوسرا رکھ لیں گے۔ جو شخص بھی کمپنی میں کام کررہا ہوتا ہے، وہ ماحول سے باخبر ہوتا ہے۔ وہ ٹریننگ اور تربیت کے مرحلوں سے گزر چکا ہوتا ہے۔ کمپنی نے اس پر بہت زیادہ سرمایہ کاری کی ہوتی ہے۔ اگر نیا ملازم رکھا جائے گا تو اسے نئے سرے سے تربیت دینا پڑے گی۔ معیار تو بہت دور کی بات وہ ابتدا میں عمدہ کارکردگی بھی نہیں دکھا سکے گا۔
اخراجات میں اضافہ: نیا ملازم آتے ہی آپ کو تربیت دینا پڑے گی۔ اس دوران تنخواہ بھی جاری رہے گی۔ پرانا ملازم صرف آپ کے اخراجات نہیں بچا رہا ہوتا بلکہ وہ تمام تر نظام کو سمجھ چکا ہوتا ہے۔ اگر آپ اس کی حوصلہ افزائی کریں تو وہ کمپنی کے سسٹم میں ایسی تبدیلیوں کی نشاندہی کرسکتا ہے جو آپ کے لاکھوں روپے بچا سکتی ہیں۔
دفتری جھگڑوں کا خاتمہ: دفتری جھگڑوں کا سب سے بڑا سبب نوجوان ملازمین کی جلد باز طبیعت اور جذباتیت ہوتی ہے۔ نئے ملازم کو ماحول میں رچ بس جانے میں وقت لگے گا۔