- تفصیلات
- شریعہ اینڈ بزنس
- مشاہدات: 1504
القرآن
لوگ آپ سے پوچھتے ہیں کہ وہ (اللہ کی خوشنودی کے لیے) کیا خرچ کریں؟ آپ کہہ دیجیے کہ جو مال بھی تم خرچ کرو، وہ والدین، قریبی رشتہ داروں، یتیموں، مسکینوں اور مسافروں کے لیے ہونا چاہیے۔ اور تم بھلائی کا جو کام بھی کرو، اللہ اس سے پوری طرح باخبر ہے۔ (سورۃ البقرہ:215)
فائدہ:صدقہ وغیرہ کرنے میں سب سے اولین مستحق اپنے عزیز واقارب ہوتے ہیں۔ مگر ہمارے یہاں یہ گنگا بھی الٹی بہتی ہے۔ اللہ جنہیں ہر خیرخواہی میں مقدم رکھنے کا حکم دیتے ہیں، ہمارے سب سے زیادہ جھگڑے انہی کے ساتھ ہیں۔ بہتر ہو اگر ہم صلہ رحمی کرتے ہوئے رشتہ داروں سے جھگڑے بھی ختم کریں اور ہدیے، عطیے میں انہیں یادر کھیں۔ اگر وہ صدقے کے مستحق ہیں تو انہیں سب سے پہلے یاد رکھیں۔
الحدیث
حضرت حکیم بن حزام رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی ہے نبی کریم صلی اللہ علیہ و سلم نے فرمایا: ’’خرید و فروخت کرنے والے کو (بیع توڑنے) کا حق ہے جب تک وہ اپنی جگہ سے نہ ہٹیں۔ اگر بائع و مشتری سچ بولیں اور مال اور قیمت کے اور کھرے کھوٹے ہونے کو بیان کر دیں تو ان کی بیع میں برکت ہو گی۔ اور اگر عیب کو چھپا لیں اور جھوٹ بولیں تو شاید کچھ نفع تو کما لیں (لیکن) بیع کی برکت ختم ہو جائے گی۔‘‘(الترغیب: 3 586/)
فائدہ:
فائدہ:دھوکہ دہی کسی سے بھی ہو، بری ہے۔ اس کا اثرِ بد ہمارے ظاہری اور باطنی دونوں طرح کے احوال پر پڑتا ہے۔ کاروبار کی بندش،نقصان اور مسلسل تباہی کی وجہ ہم خود ہیں۔ ہم اپنے تمام معاملات، بالخصوص مالی معاملات کو شریعت کے مطابق بنائیں، حالات خود بخود ٹھیک ہو جائیں گے۔ کسی عامل کے پاس جانے کی ضرورت ہے نہ ہی تعویذ گنڈے کی۔
مسنون دعا
بِسْمِ اﷲِ، الَلّٰھُمَّ اِنِّیْ اَسْاَلُکَ خَیْرَ ھَذِہٖ السُّوْقِ وَخَیْرَ مَا فِیْھَا، وَاَعُوْذِبِکَ مِنْ شَرِّھَا وَشَرِّ مَا فِیْھَا، اَللّٰھُم اِنِّیْ اَعُوْذِبِک مِنْ اَنْ اُصِیْبَ فِیْھَا یَمِیْنًا فَاجِرَۃً اَوْ صَفَقََۃً خَاسِرَۃً۔(حصن حصین:217)
ترجمہ
: اﷲ کے نام کے ساتھ، اے اﷲ! بیشک میں تجھ سے اس بازار کی خیر وبرکت کا اور جو اس بازار میں ہے اس کی خیر و برکت کا سوال کر تا ہوں اور تیری پناہ لیتا ہوں اس کے شر سے اور جو اس میں ہے اس کے شر سے، اے اﷲ! میں تجھ سے پناہ مانگتا ہوں اور اس سے کہ کوئی جھوٹی قسم کھاؤں یا کوئی خسارہ (اور نقصان) کا معاملہ کروں۔