القرآن

نماز اور زکوۃ، چولی دامن کا ساتھ (مسلمانو!)تمہارے یارومددگارتو اللہ ،اس کے رسول اور وہ ایمان والے ہیں جو اس طرح نماز قائم کرتے اور زکوۃ ادا کرتے ہیں کہ وہ (دل سے )اللہ کے آگے جھکے ہوئے ہوتے ہیں۔ (سورہ المائدہ :55)
فائدہ : اللہ تعالی کا یہ ارشاد اس تناظر میں ہے کہ یہود و نصاری مسلمانوں کے دوست ہرگز نہیں ہوسکتے۔ مزید نکتے کی بات یہ ہے قرآن پاک میں بیشتر مقامات پر جہاں جہاں نماز کا ذکر ہے، زکوۃ کا تذکرہ اس کے ساتھ جڑا ہوا ہے۔ مسلمانوں کی ایک بڑی تعداد بدنی عبادات کا اہتمام تو کر لیتی ہے، مگر زکوۃ اور دیگر مالی فرائض سے کوتاہی کا شکار رہتی ہے۔ اس حوالے سے خصوصی فکر کرنے اور فکر دلانے کی ضرورت ہے۔

   


  الحدیث

بھیک یا انگارہ؟

رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا :’’جو شخص محض اس لیے بھیک مانگتا ہے کہ اس کے مال میں اضافہ ہوتو وہ گویاآگ کا انگارہ مانگتا ہے۔ اب وہ چاہے کم مانگے یازیادہ مانگے۔‘‘ (مسلم شریف)

فائدہ
وطن عزیز میں بھیک اور بھکاری ایک وبا کی طرح پھیل رہے ہیں، غربت سے پہلے یہ اس بات کی علامت ہیں کہ عزت نفس کا حد درجہ فقدان ہوتا جا رہا ہے۔ کیونکہ ہاتھ پھیلانے سے پہلے عزت نفس کی ہزاروں سرحدیں انسان عبور کرتا ہے۔ ارباب دانش کو چاہیے ایسے رفاہی ادارے وجود میں لائیں جو قوم کو ہاتھ پھیلانے کی لعنت سے ہاتھ کی کمائی کی شرافت تک لے آئیں۔


   مسنون دعا

حق پر استقامت کے لیے

رَبَّنَآ لَا تُزِغْ قُلُوْبَنَا بَعْدَ اِذْ ھَدَیْتَنَا وَھَبْ لَنَا مِنْ لَّدُنْکَ رَحْمَۃً، اِنَّکَ اَنْتَ الْوَھَّابOرَبَّنَآاِنَّکَ جَامِعُ النَّاسِ لِیَوْمٍ لَّا رَیْبَ فِیْہِ ، اِنَّ اللہَ لَا یُخْلِفُ الْمِیْعَادَO

فائدہ
یہ دعا مسلسل وردِ زبان رکھیں، فتنوں کے اس دور میں ایمان کی سلامتی اور خاتمہ بالخیر نصیب ہو گا۔ان شاء اللہ۔

 

القرآن

جن لوگوں نے کفر اپنا لیا ہے ان کا شہروں میں (خوشحالی کے ساتھ) چلنا پھرنا تمہیں ہرگز دھوکے میں نہ ڈالے۔ یہ تو تھوڑا سا مزہ ہے (جو یہ اُڑا رہے ہیں) پھر ان کا ٹھکانا جہنم ہے اور وہ بد ترین بچھونا ہے۔(سورہ اٰل عمران:(196/197
تشریح:
یہ تو واضح ہے کہ دنیا کی حیثیت ایک مسلمان کے نزدیک ایک سرائے سے زیادہ نہیں۔ آخرت کے طویل سفر کے دوران یہاں کچھ وقت رک کر اگلے جہان کو سدھاریں گے۔ لہذا اس میں آنے والے پریشانیاں اور اپنی مشکلات پر نہ زیادہ پریشان ہونا چاہیے نہ کہ کافروں کی کرّو فرّدبہت زیادہ حیران ہونے کی ضرورت ہے۔دونوں ہی عارضی ہیں۔

 


  الحدیث

  حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم نے فرمایا: ’’میری امت کے تمام لوگ جنت میں داخل ہو گے، سوائے اس شخص کے جو (جنت میں جانے سے) انکار کر دے۔‘‘ آپ صلی اللہ علیہ و سلم سے پوچھا گیا: بھلا وہ کون شخص ہو گا جو (جنت جانے سے) سے انکار کرے؟آپ صلی اللہ علیہ و سلم نے فرمایا:’’جس شخص نے میری اطاعت کی وہ جنت میں داخل ہو گیا اور جس شخص نے میرے نافرمانی کی گویا اس نے (جنت جانے سے) انکار کیا۔‘‘(صحیح البخاری: 7280)



القرآن

حلال و حرام کی کنجیاں رب تعالی کے پاس
اے ایمان والو!اللہ نے تمہارے لیے جو پاکیزہ چیزیں حلال کی ہیں ،ان کو حرام قرار نہ دو،اور حد سے تجاوز نہ کرو۔ یقین جانو کہ اللہ حد سے تجاوز کرنے والوں کو پسند نہیں کرتا۔ اور اللہ نے تمہیں جو رزق دیا ہے، اس میں سے حلا ل پاکیزہ چیزیں کھائو اور جس اللہ پر تم ایمان رکھتے ہو اس سے ڈرتے رہو۔ (سورہ المائدہ: 87،88)
تشریح:
مطلب یہ ہے کہ جس طرح حرام چیزوں کو حلال سمجھنا گناہ ہے، اسی طرح جو چیزیں اللہ نے حلال کی ہیں ان کو حرام سمجھنا بھی بڑا گناہ ہے۔ (آسان ترجمہ قرآن:264)

   


  الحدیث

قرض نجات کی راہ میں رکاوٹ

حضرت جابررضی اﷲ عنہ سے روایت ہے نبی کریم صلی اﷲ علیہ وسلم ایسے شخص کی نماز جنازہ نہیں پڑھا کرتے تھے، جس پر قرض ہوتا۔ ایک بار ایک جنازہ لایا گیا تو آپ صلی اﷲ علیہ وسلم نے فرمایا: کیا اس پر کوئی قرض ہے؟ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم نے عرض کیا: ہاں دودینار قرض ہیں۔ آپ نے فرمایا: اپنے ساتھی کی تم نماز جنازہ پڑھو۔ یہ سن کر حضرت ابو قتادہ نے فرمایا : دونوں دینار میرے ذمے ہوئے، اے اﷲ کے رسول! تب نبی کریم صلی اﷲ علیہ وسلم نے ان کی نماز جنازہ پڑھائی۔ (سنن ابی داؤد: 3343)

فائدہ
معلوم ہوا قرض شریعت میں انتہائی ناپسندیدہ ہے۔ بہت ہی مجبوری کی حالت میں لینا پڑ جائے تو جلد از جلد واپسی کی فکر ہونی چاہیے۔ اگر خدا نخواستہ اسی حالت میں موت آگئی تو حساب کتاب میں مشکل پیش آسکتی ہے۔


القرآن

جب ناشکری ہوتی ہے
اللہ سبحانہ و تعالیٰ ایک بستی کی مثال دیتا ہے جو بڑی پر امن اور مطمئن تھی، اس کا رزق اس کو ہر جگہ سے بڑی فروانی کے ساتھ پہنچ رہا تھا۔ پھر اس نے اللہ کی نعمتوں کی ناشکری شروع کر دی، تو اللہ نے ان کے کرتوتوں کی وجہ سے ان کو یہ مزہ چکھایا کہ بھوک اور خوف ان کا پہننا اوڑھنا بن گیا۔ (سورۃ النحل:112)
تشریح:
اللہ کے شکر سے مراد اللہ کی بے پایاں رحمت، شفقت، ربوبیت، رزاقی اور دیگر احسانات کے بدلے میں دل سے اٹھنے والی کیفیت و جذبے کا نام ہے۔ شکرگذاری کے برعکس دوسرا رویہ ناشکری کا ہے۔ ایک شخص جب شکر ادا نہیں کرتا تو یہ رویہ آہستہ آہستہ اسے لاپروائی کی جانب لے جاتا اور بالآخر وہ ناشکری کرنے لگ جاتا ہے۔جس کا وبال خدانخواستہ وہ ہوتا ہے جو اوپر ذکر ہوا۔

 


  الحدیث
غارت گر، جادو گر

  رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم نے ارشاد فرمایا: جو شخص کسی نجومی کے پاس جا کر اس سے (مستقبل یا قسمت کے بارے میں) کچھ پوچھے تو 40 دن تک اس کی نماز قبول نہیں ہو گی۔(صحیح مسلم:5957)
تشریح:
آج کل کتنے لوگ روحانی علاج کی آڑ میں کاروبار چمکا ئے ہوئے ہیں، حدیث پاک میں ایسے لوگوں کے پاس جانے کی ممانعت کی ہے۔ مگر چونکہ علاج کی ضرورت رہتی ہے ، لہذا آنکھیں بند کرکے کسی کے پیچھے لگ جانے کے بجائے سب سے پہلے یہ تحقیق کی جائے کہ مریض کسی ذہنی بیماری کے باعث تو مسائل کا شکار نہیں۔اس کے ساتھ ساتھ کسی پابند شریعت ،اللہ والے سے قرآن و حدیث کے احکامات کے اندر رہتے ہوئے روحانی علاج کروائیں۔

القرآن

مسلمانو!)تمہیں اپنے مال ودولت اور جانوں کے معاملے میں (اور)آزمایا جائے گا اور تم اہل کتاب اور مشرکین دونوں سے بہت سی تکلیف دہ باتیں سنو گے ،اور اگر تم نے صبر اور تقوی سے کام لیا تو یقینا یہی کام بڑی ہمت کے ہیں (جو تمہیں اختیارکرنے ہیں) (سورہ آل عمران :186)
تشریح:
تب پھر آپ کیوں گھبراتے ہیں با شرع صورت اپنانے سے۔ آپ کیوں شرماتے ہیں خود کو دیندار ظاہر کرنے سے۔ آپ کیوں پیچھے رہتے ہیں آخرت میں کام آنے والے اعمال کا ذخیرہ جمع کرنے سے۔

 


  الحدیث

  سیدنا قتادہ رضی اللہ عنہ نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم کو یہ ارشاد فرماتے ہوئے سنا: ’’تم لوگ خرید و فروخت میں زیادہ قسمیں کھانے سے بچو، اس لیے کہ اس سے مال گھٹ جاتا ہے اور برکت ختم ہو جاتی ہے۔‘‘(صحیح مسلم:4210)

فائدہ:
ہم میں کون ہے جس کا تکیہ کلام ہی بات بات قسم اٹھانا نہیں بن گیا۔ اللہ کا نام لینے میں اتنے جری مت ہو جائیے۔ زیادہ قسمیں کھانے، بالخصوص جھوٹی قسمیں کھانے سے خود بچیے، دوستوں کو بچائیے۔