سوال چائنیز سال حلال ہے یا حرام؟ اور یہ صحت کے لیے فائدہ مند ہے یا نقصان دہ؟ براہِ مہربانی رہنمائی فرمائیں۔ جواب ’’اجینو موتو‘‘ ایک برانڈ کا نام ہے اور اس نام سے مختلف ملکوں میں نمک بنایا جا رہا ہے۔ ساؤتھ افریقہ میں اس نام سے پروڈکٹ بنائی جا رہی ہے،اسے وہاں کے ایک معتمد تصدیقاتی ادارے سنحا (SANHA) نے حلال قرار دیا ہے۔ اسی طرح ایک اور ادارے ’’مسلم کنزیومر گروپ‘‘ نے امریکا اور کینیڈا میں تیار ہونے والے اجینو موتو کو بھی حلال قرار دیا ہے۔
ملائشیا کے حلال بورڈ نے بھی اسے حلال قرار دیا ہے۔ تاہم اس نام کی جو پروڈکٹ چین سے ہمارے ملک میں آ رہی ہے، اس کے اجزا کی ہمیں تحقیق نہیں ہے۔ اس لیے اس کے بارے میں اصولی جواب یہ ہے کہ اگر اس بات کا غالب گمان ہو جائے کہ مذکورہ کھانے میں خنزیر کی چربی یا کوئی دوسرے حرام اجزا شامل ہیں اور پروڈکٹ کی تیاری کے عمل کے دوران انقلاب ماہیت بھی نہیں ہوا تو ایسے اجینو موتو کا استعمال جائز نہیں، البتہ اگر اس درجے کا گمان نہ ہو بلکہ صرف شبہ ہو تو ایسی شبہ والی مصنوعات سے بھی عملی طور پر بچنا چاہیے۔ تاہم اعتقادی طور پر ان کو حرام سمجھنے یا کہنے سے گریز کیا جائے، کیونکہ اس طرح کے محض شبہے کی بنیاد پر کسی چیز کے حرام ہونے کا حکم لگانا جائز نہیں۔ نیز اگرچہ اس کے متعدد نقصانات بتائے جاتے ہیں لیکن ہماری اب تک کی معلومات کے مطابق کسی بھی مستند ادارے کی جانب سے تحقیق کے نتیجے میں ایسے شدید نقصانات سامنے نہیں آئے کہ ان کی وجہ سے اس کے استعمال سے سب لوگوں کو عمومی طور پرروک دیا جائے، نیز یہ بھی ہو سکتا ہے کہ بعض لوگوں کو کوئی نقصان نہ پہنچے، بعض کو معمولی نقصان ہو اور بعض کو بالکل نہ ہو۔ لہذا اگر کسی شخص کے لیے اس کے اتنا نقصان دہ ہونے کا ظن غالب ہو کہ اس سے کوئی جان لیوا یا کسی منفعت سے دائمی طور پر محروم کرنے والا مرض لاحق ہو جائے گا تو اس کے لیے اس کا استعمال درست نہیں ہو گا، باقی لوگ استعمال کر سکتے ہیں۔ ہاں! اگر کوئی شخص اپنے طورپر احتیاط کرے تو بہت اچھی بات ہے۔
براؤن شوگر حلال ہے
سوال
براؤن شوگر کیا ہے؟ کیا اس کا استعمال نا جائز ہے؟ براہِ مہربانی ریفرنسز کے ساتھ رہنمائی فرمائیں۔
جواب
براؤن شوگر، چینی کی وہ خاص قسم ہے جو سفید چینی میں مولیسس کی ایک خاص مقدار ملانے سے حا صل ہوتی ہے اور مولیسس اْس گاڑھے شیرہ کو کہتے ہیں جو گنوں سے سفید چینی کی تیاری کے عمل کے بعد باقی بچ جاتا ہے۔ ہماری اب تک کی تحقیق کے مطابق یہ حلال اور پاک ہے لہذا اس کا استعمال جائز ہے۔
NL.33 دودھ بچے کو پلانا کیسا ہے؟
سوال
میرے بیٹے کی عمر 5 ماہ کچھ دن ہے۔ ڈاکٹر نے اسے NL.33 دودھ لگایا ہے لیکن اس پر حلال نہیں لکھا ہوتا۔ آپ پلیز مجھے اس دودھ کے بارے میں بتا دیں کہ ٹھیک ہے یا نہیں؟
جواب
ہماری اب تک کی تحقیق کے مطابق Dextrin، Vegetable Oils، Sucrose، Raffinose اور Lecithin تو حلال ہیں۔ البتہ منرلز، وٹامنز اور امینو ایسڈز چونکہ حیوانی ذرائع سے بھی حاصل ہو سکتے ہیں، اس لیے مذکورہ دودھ اگر کسی مسلمان ملک کا بنایا ہوا ہے تو اس کے استعمال کی گنجائش ہے اور اگر کسی غیر مسلم ملک کا بنا ہوا ہے تو اس سے بچنا بہتر ہے۔ اور اگر اس کا ایسا متبادل مل جائے جو کسی مستند حلال سرٹیفکیشن باڈی کی طرف سے حلال سرٹیفائیڈ ہو یا کسی مسلمان ادارے نے بنایا ہو تو اسی کو ترجیح دی جائے۔
NIDO دودھ کے اجزائے ترکیبی کی تحقیق
سوال
NIDO دودھ کے مکمل اجزائے ترکیبی حاصل نہیں کیے جا سکے، جو میرے پاس ساشے پر موجود ہیں وہ حسبِ ذیل درج ہیں:
ingredients Milk Solids,Soya lecithin, Vitamins, Ferric PyroPhosphate, Zinc Sulphate آنجناب سے التماس ہے کہ مکمل اجزائے ترکیبی حاصل کر کے درست رہنمائی فرمائیں۔
جواب
اس میں ’’وٹامن‘‘ کا ذکر مطلق ہوتا ہے، جب کہ وٹامنز حیوانی ذرائع سے بھی حاصل ہوتے ہیں، اس لیے یہ مشکوک ہوتے ہیں، بالخصوص وٹامن ڈی تھری تو خنزیر سے بھی حاصل ہوتا ہے تاہم وٹامنز چونکہ نباتاتی ذرائع سے بھی حاصل ہوتے ہیں، اس لیے جب تک اس کا ثبوت نہ ہو کہ اس دودھ میں استعمال ہونے والے وٹامنز حیوانی ذرائع سے حاصل کیے گئے ہیں۔ اس پر حرمت کا حکم نہیں لگ سکتا۔ دیگر جو اجزائے ترکیبی آپ نے لکھے ہیں، ان میں شرعی لحاظ سے کوئی اشکال نہیں۔