پاکستان حلال گوشت کی عالمی مارکیٹ میں دنیا بھر میں سالانہ اربوں ڈالر کا گوشت فروخت کیا جارہا ہے۔ گوشت درآمد کرنے والے ممالک میں سر فہرست اسلامی ملک ہیں۔ ان اسلامی ملکوں میں آنے والے گوشت کا حلال ہونا بھی ضروری ہے۔ اللہ تعالی کا پاکستان پر فضل ہے کہ انسانی آبادی سے بڑھ کر جانور موجود ہیں۔ اتنا وافر حلال گوشت ہے کہ پاکستان کسی بھی ملک میں بھیج کر بھاری زرمبادلہ کماسکتا ہے۔ اب حکومت پاکستان مختلف سطح پر کوشش کررہی ہے کہ مذبح خانے اور پراسیسنگ پلانٹ تعمیر کرے اور زیادہ سے زیادہ گوشت برآمد کرے۔
اس سلسلے میں خیبر پختونخواہ میں 100ملین روپے سے رواں سال نئی تعمیرات کی جائیں گی۔ جبکہ آئندہ مالی سال میں 50ملین ڈالر خرچ کیے جائیں گے۔ امید ہے پاکستان دنیا بھر کی حلال مارکیٹ میں اپنی جداگانہ شناخت قائم کرلے گا۔
زراعت بحال، کسان نہال
بارش اللہ کی رحمت بن کر برسی ہے۔ ملک کے دوردراز علاقوں میں موجود بارانی زمین کو اس سے بہت فائدہ ہوا، وہاں گندم کی فصل پانی ملنے سے خوب سیراب ہوئی۔ خیبر پختونخواہ کے بہت سے علاقوں میں کسان نہال ہوگئے۔ دوسری طرف مالاکنڈ کے گرد و نواح میں موجود پھلوں کے باغات اس سے متاثر ہوئے۔
نیٹ کمپنیوں کا رخ پاکستان کی طرف
انٹر نیٹ کے بڑھتے رجحان کو دیکھ کر دنیا بھر کی کمپنیاں اب پاکستان کا رخ کررہی ہیں۔ جرمن آن لائن کمپنی ’’کارموڈی‘‘ نے بھی پاکستان میں اپنی سرگرمیاں شروع کردی ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق پاکستان میں 3کروڑ انٹرنیٹ صارفین ہیں۔ یہ تناسب تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ کارموڈی نے پاکستان میں آن لائن موٹرسائیکلز اور دیگر گاڑیوں کی خرید و فروخت شروع کردی ہے۔