سوال میں پچھلے تین سال سے کرائے کے مکان میں رہ رہا ہوں۔ اب میں اپنا ذاتی مکان لینے کے سلسلے میں اپنی جماعت سے زکوۃ فنڈ سے پندرہ لاکھ تک کی رقم کی درخواست دینا چاہتا ہوں۔ میرے اپنے خود کے تقریباً ایک سے ڈیڑھ لاکھ ہیں اور کچھ سونا میری بیوی کا ہے جسے ملا کر پانچ لاکھ تک رقم بنتی ہے۔ اس مد میں آپ سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ آیا میں یہ رقم لے سکتا ہوں کہ نہیں۔ اگر لے سکتا ہوں تو کس طریقے سے لے سکتا ہوں؟ (محمد سعید)

جواب
1 آپ کی ملکیت میں فی الحال موجود نقد رقم پر زکوۃ فرض ہو جاتی ہے، لہذا آپ زکوۃ وصول کرنے کے مستحق نہیں۔
2 آپ کی مکان کی خواہش ایک فطری خواہش ہے۔ لیکن جواب نمبر 1 کی روشنی میں زکوۃ لینا جائز نہیں۔
3 آپ اگر یہ رقم ایڈوانس میں دیتے ہیں تو بھی کیونکہ یہ قابل واپسی ہوتا ہے۔ اس لیے اس صورت میں بھی آپ کا زکوۃ لینا ٹھیک نہیں ہو گا۔
4 اگر آپ کے پاس ان روپوں کے علاوہ کوئی قابل زکوۃ اثاثے نہیں اور آپ یہ رقم کسی گھر کی خریداری کے بعد بطور قسط کے دے دیتے ہیں تو آپ زکوۃ کے مستحق ہو جائیں گے، لیکن یکمشت نصاب زکوۃ سے زیادہ رقم بطور زکوۃ وصول کرنا مکروہ ہے، لہذا ایسا کرنا پسندیدہ نہ ہو گا۔
5 آپ یوں کر سکتے ہیں کہ کسی رشتہ دار یا دوست سے قرضہ لے کر مکان بنا لیں اور اس کا قرضہ اتارنے کے لیے زکوۃ کی رقم وصول کر کے قرض خواہ کو ادا کریں۔

سودی بینک کے ساتھ ایک ڈیل
سوال
میری گارمنٹس کی فیکٹری ہے، میں اسے یورپ وغیرہ کو ایکسپورٹ کرتا ہوں۔ سوال یہ ہے کہ ایک آرڈر میں نے لوکل بائنگ ایجنسی سے لیا ہے جرمنی ایکسپورٹ کا۔ اس کی Terms of Payment یہ ہے کہ پیمنٹ Documents Acceptance کے بعد 90 دن بعد ملے گی۔ مجھے معاشی طور پر مسئلہ ہو رہا ہے، اس کے لیے میں نے ایک بینک سے بات کی ہے۔ اس بینک کا نام حبیب میٹروپولیٹن ہے۔ LC میٹروپولیٹن میں کھولنی ہے۔ میں نے بینک سے early payment کی بات کی ہے۔ بینک نے ڈیل یہ کی ہے کہ وہ ہماری شپمنٹ جانے کے بعد جب ڈاکومنٹس کسٹمر بینک کے پاس پہنچ جائیں گے اس دن ہمارے ساتھ ڈیل کریں گے۔ وہ یہ کہ ڈاکومنٹس کے مقابلے میں ہمیں پیسے تین سے چار دن میں بینک دے دے گا۔ لیکن ڈسکاؤنٹ کرے گا کرنٹ ڈالر ریٹ سے۔ یعنی کم دے گا ایک سے دو روپے Negotiation سے اور بینک کسٹمر سے 90 دن بعد پیمنٹ رسیو کرے گا۔ ڈالر ریٹ inerease یا decrease ہو، بینک ذمہ دار ہے۔ اس ڈیل کی شرعی حیثیت کیا ہے؟ (جواد)

جواب
مذکورہ معاملہ ڈسکاؤنٹنگ کا ہے اور مروجہ بینکوں کے ذریعہ سے یہ ڈسکاؤنٹنگ شرعاً جائز نہیں۔

مرحومین کی طرف سے قربانی سوال
اگر مرحومین کے ثواب کے لیے قربانی کرے تو کیا وہ ایک قربانی ایک مرحوم کے لیے ہو گی، مثلا: سب پیغمبر کے ثواب کے لیے کر سکتے ہیں؟ اور مرحومین کے ثواب کی نیت کی جائے گی یا نام لے کر یہ قربانی کس کی طرف سے ہے؟ وضاحت فرما دیں تو مہربانی ہو گی۔ (ہارون مہانتی) جواب
یہ قربانی مالک کی جانب سے ہی ہو گی جس کا ثواب ایک متعین مرحوم یا زیادہ کو پہنچایا جا سکتا ہے۔ لہذا نیت اپنی طرف سے ہی کریں گے اور مقصد ایصال ثواب ہو گا۔

کھوٹ ملے ہوئے سونے پرزکوٰۃ
سوال
مفتی صاحب! میری بیوی کے پاس 90 گرام سونا (20 قیراط) ہے۔ میری معلومات کے مطابق 20 قیراط سونے میں 4 حصے کھوٹ اور 20 حصے سونا ہوتا ہے۔ اس حساب سے 90 گرام سونا (20 قیراط) میں 75 گرام خالص سونا ہو گا۔ میری بیوی کے زیور پر زکوۃ فرض ہے کہ نہیں؟ جب کہ اس کا کل مال یہی زیور ہے۔ (وقار عظیم)

جواب
آپ کی اہلیہ پر زکوۃ واجب ہے۔ اس قسم کی کھوٹ کا اعتبار نہیں کیا جاتا۔ کل کو سونا شمار کر کے زکوۃ کا حساب کیا جائے گا، لہذا اگر آپ کی اہلیہ محترمہ سونے کے سوا کسی مال زکوۃ کی مالک نہیں تو بھی 20 قیراط یا ساڑھے سات تولہ (87.479 گرام) سونا شمار کر کے ان پر زکوۃ واجب ہو گی۔ یہ زکوۃ وزن کے اعتبار سے ہو گی۔ لہذا جب بھی ادا کریں گے تو وزن کے اعتبار سے چالیسویں حصے کی قیمت ادا کرنا ہو گی۔