پاکستان میں معیشت کو سود سے پاک کرنے کی کوششیں
- تفصیلات
- مولانا شیخ نعمان
- مشاہدات: 1554

اس قدرآج 2016ء میں جب اسلامی بینکاری کی بات کی جاتی ہے۔ جب یہ کہا جاتا ہے کہ معیشت کو سود سے پاک ہونا چاہےے، تو فوراً ایک سوال ہمارے ذہنوں میں ابھرتا ہے کہ آج پاکستان کو بنے ہوئے 68 سال ہو گئے ہیں۔ پاکستان ایک اسلامی ملک ہے۔ اگر سود اتنی ہی بری چیز ہے تو پھر پاکستان بننے کے فوراً بعد یہ برائی ختم کیوں نہ ہو گئی؟ کئی بار یہ بات بھی کانوں کو سنائی دیتی ہے کہ بانی پاکستان محمد علی جناح کا خواب ایک آزاد ملک تھا جس میں کسی مذہبی اقدار کے بغیر آزادانہ زندگی گزارنا مقصود تھا۔ محمد علی جناح کا خواب کوئی اسلامی اقدار کی بنیاد پر ملک نہ تھا۔ بعد میں آنے والے لوگوں نے پاکستان کے آئین کو یرغمال بنا کر اس میں اسلامی دفعات ڈلوا دی ہیں۔ لہذا پاکستان ایک آزاد ملک ہے، جس کی کوئی مذہبی بنیاد نہیں۔ حکمران اور عوام جس طرح چاہیں اس ملک کو چلائیں اور اس کا آئین بنائیں۔ لہذا معیشت کو سود سے پاک کرنے کی بات اس کی آزاد خیالی کے خلاف ہے۔ اسی لیے سود رائج ہے اور رائج رہے گا۔ چند لوگوں کے کہنے سے ہم عالمی معاشی نظام سے بغاوت نہیں کر سکتے۔