''کاروبار کی رگوں میں دوڑنے والا خون پیسہ ہے'' یہ مشہور کہاوت بزنس منیجرز اکثر دہراتے رہتے ہیں۔
کسی بھی چھوٹے بڑے کاروبار کی کامیابی اور نفع مندی کے لیے مختلف پہلو بڑی اہمیت رکھتے ہیں۔ ایک انتہائی اہم بھی ہے۔ ''ورکنگ کیپٹل'' سے مراد وہ سرمایہ ہے جو کوئی بھی کمپنی خام مال کی خریداری اور پیداوار کی تیاری پر خرچ کرتی ہے۔ جب ہم Capital Managementکا لفظ بولتے ہیں تو اس سے مراد حالیہ یا مختصر مدت کے اثاثوں اور مختصر مدت کی ذمہ داریوں کو منظّم کرنا ہوتا ہے۔مختصر مدتی اثاثوں (Short TermAssets) سے مراد گودام میں موجود تیار سامان (Inventories)
قرضے (Loans)، پیشگی (Advance) حاصل کردہ رقم، سرمایہ کاری (Investment)، نقد رقم(Cash)اور اکاؤنٹ میں موجود رقم (Bank Balance) ہے۔ مختصر مدتی ذمہ داریوں (Short Term Liabilities) سے مراد قرض دینے والے (Crediters)، تجارت کے لیے پیشگی حاصل کردہ رقم، قرضے (Borrowigs) اور ضروری سپلائی کے ذخائر ہیں۔ جب ہم کیش منیجمنٹ شروع کرتے ہیں تو اس عمل میں ہمیں کاروبار میں لگے ہوئے پیسے کا بہاؤ (Cash Flow) دیکھنا ہوتا ہے تاکہ یہ اندازہ ہوسکے کہ کیا یہ درست انداز میں منظم کیا گیا ہے یا نہیں؟ اگر پیسے کے بہاؤ (Cash Flow) کی تنظیم (Management) میں کمزوری ہے تو اس کا مطلب یہ ہے کہ آپ کے کاروبار کامیاب ہونے کے امکانات بہت کم ہیں۔
جب ہم پیسے کے بہاؤ کی تنظیم (Cash Flow Management) کا مسئلہ حل کرتے ہیں تو ہمیں ملازموں اور سپلائرز کو ادائیگی کے وقت اور خریداروں سے کس وقت وصولی کی گئی اور یہ کہ ادائیگی اور وصولی کے درمیان کتنا فاصلہ تھا۔ جب تک کسی کاروباری ادارے کو ادائیگی اور وصولی کے درمیان وقت کے فرق کا اندازہ نہیں ہوگا، اس وقت تک ادارہ مشکلات کا شکار رہے گا۔ اسی لیےCash Flow Management بہت اہم ہے۔جب کاروبار میں کوئی مشکل سر پر آتی ہے تو رقم بھی کم پڑجاتی ہے۔ جب رقم نہ ہو ، قرض لینا مشکل ہوجائے تو تجارت میں پیسے کا بہاؤ جاری رکھناکسی چیلنج سے کم نہیں ہوتا۔
آئیے! دیکھتے ہیں کہ ہم پیسے کے بہاؤ (Cash Flow) کو کس طرح جاری رکھ سکتے ہیں اور اپنے کاروبار کو ہر مشکل سے کس طرح نکال سکتے ہیں:
1 چھٹی حس کو بیدار رکھیے
آپ میں کسی بھی کاروباری خطرے کو بھانپنے کی صلاحیت ہونی چاہیے۔ اس کا مطلب ہے کہ کوئی بھی خطرہ پیدا ہورہا ہو توآپ کا چوکس وبیدار دماغ فوری یہ بتادے کہ یہ مسئلہ کہاں سے پیدا ہورہا ہے؟ اس کا رخ کس طرف ہے؟اپنے کاروبار کے بڑے اور مرکزی اعشاریوں (Leading indicators )پر نظر رکھیے اور بدلتی ہوئی معاشی صورت حال سے باخبر رہیے۔ کم از کم آپ آئندہ سال کے لیے پیسے کے بہاؤ کی منصوبہ بندی (Cash Flow Projection) بڑی آسانی سے کرسکیں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ بھی ذہن میں رہنا چاہیے کہ آپ کو غیر متوقع واقعات بھی پیش آسکتے ہیں، مارکیٹ کے طریقہ کار سے آگہی ہونی چاہیے۔ کہیں کوئی حریف کبھی چال چل سکتے ہیں۔آپ کے ورکنگ کیپٹل (پیداواری سرمایہ ) میں غیر متوقع اخراجات کو بھی مدنظررکھنا چاہیے۔ اگر آپ ان تمام پہلوؤں پر نظر رکھیں گے تو آپ کو اندازہ ہوگا کہ کس مرحلے پرکون سا اقدام کرتا ہے۔ اگر کبھی مذکورہ صورتوں میں سے کوئی صورت حال پیش آگئی اور آپ کا کیش فلو 10فیصد تک گر گیا تو پھر آپ کیا کریں گے؟ آپ کو بدترین صورت حال کے لیے ہر لمحہ تیار رہنا ہوگا۔
2 کریڈٹ پالیسی پر نظر ثانی اور خریداروں کی کریڈٹ ہسٹری دیکھنا
اپنے خریداروں کے کریڈٹ کو منظم کرنا آپ کی کیش فلومینجمنٹ کے لیے بے حد اہم ہے۔ اپنے ایسے تمام خریداروں سے کاروبار ختم کردیں۔جو نفع نہیں پہنچاتے۔ ایسے گاہک جن کے کمپنی سے جڑے رہنے کی صورت میں نفع کے بجائے نقصان ہورہا ہے۔ ایسے خریداروں کی نشان دہی کریں جو دیر سے ادائیگی کرتے ہیں۔ یاد رکھیے! کسی کو بھی ادھار زیادہ مدت کے لیے نہ دیں۔ اگر کوئی گاہک ادھار کی ادائیگی میں سستی سے کام لیتا ہے تو آپ اپنی شرائط وضوابط سخت کیجیے۔ بعض اوقات آپ کو ادھار کا چکر بالکل ختم بھی کرنا پڑسکتا ہے۔
3 ادائیگیوں میں تیزی کے لیے 7 اقدامات
- فوری بلنگ: اگر آپ فوری طور پر خریدار کے نام تجارتی سامان کی فہرست نہیں بھیجیں گے تو وہ سمجھے گا کہ شاید آپ کو رقم کی واپسی میں تاخیر سے کوئی فرق نہیں پڑتا، اس لیے فوری انوائسنگ کریں۔
- فوری ادائیگی کے اقدامات: آپ کی رسید پر تحریر کردہ نوٹ واضح ہونا چاہیے۔ ادائیگی کی تاریخ بھی متعین ہونی چاہیے اور بروقت ادائیگی نہ ہونے کی صورت میں یاد دہانی بھی ہونی چاہیے۔
- جلد ادائیگی پر انعام دیجیے: جس رقم کے مالک تو آپ ہیں مگر اس وقت آپ کے پاس نہیں، دراصل یہی پیسے کے بہاؤ (Cash Flow) کے لیے سب سے زیادہ نقصان دہ ہے۔ آپ اپنے گاہکوں اور خریداروں کو فوری یا جلد ادائیگی کی صورت میں ڈسکاؤنٹ دینے کا اعلان کرکے اپنا پیسہ جلدی واپس لے سکتے ہیں۔ اس سے آپ کے Cash Flow میں بہت زبردست بہتری آئے گی۔ عمومی طور پر کمپنیاں اپنے خریداروں یا گاہکوں کو 10 دن کے اندر اندر ادائیگی کی صورت میں 2 فیصد ڈسکاؤنٹ دیتی ہیں۔شرعی طور پر اس معاملے کو درست کرنے کے لیے ضروری ہے کہ آپ اس ڈسکاؤنٹ کو معاہدے کا حصہ نہ بنائیے، پہلے سے طے نہ کیجیے، بغیر شرط کے یہ ڈسکاؤنٹ دیجیے۔
- کچھ ادائیگی ایڈوانس لیجیے: جب تک کوئی Invoice مکمل نہیں ہو جاتی، اس وقت تک آپ انتظار کرنے کے بجائے گاہک سے مطالبہ کیجیے کہ وہ کچھ ادائیگی ایڈوانس ادا کردے، مثلاً: آپ گاہک سے بل کا 40 فیصد ایڈوانس کا مطالبہ کیجیے اور باقی رقم کام مکمل ہونے کے بعد حاصل کیجیے۔
- واجبات پر توجہ دیجیے: اپنی روزانہ کی عادت بنائیے کہ تمام واجب الادا رقوم کا حساب دیکھیے۔ پھر فون کیجیے، خط لکھیے یا ای میل کیجیے اور واجبات کی ادائیگی کا مطالبہ کیجیے۔ کچھ گاہگوں اور خریداروں کو یاد دہانی کرانا پڑتی ہے۔
- Effective Dispute Management: اگر آپ نے لین دین کے نمٹانے کی عمدہ تنظیم کی ہے تو آپ کا پیسہ بہت جلد آپ کو مل جائے گا، ورنہ آپ کی رقم انہی لڑائیوں میں پھنسی رہ جائے گی۔ اگر آپ نے مؤثر مینجمنٹ کی ہوگی تو کسٹمر سروس بہتر ہوگی، نیز آپ کے پاس فروخت بڑھانے، آرڈر بک کرنے اور رقم کی وصولی کے لیے بہت سا وقت ہوگا۔اگر آپ جھگڑوں میں الجھ گئے تو بہت ساوقت اسی میں خرچ ہوجائے گا۔خلاصہ یہ کہ اگر آپ نے انتظامی شفافیت رکھی تو آپریٹنگ کاسٹ (Operating Cost)بہت اوپر جائے گی۔
- کاہگ سے تعاون کیجیے: کیش فلو مینجمنٹ کے لیے مذکورہ بالا نکات کا مطلب یہ ہرگز نہیں ہے کہ گاہک سے صرف یکطرفہ تعلقات رکھیے۔ بلکہ گاہک سے دوطرفہ تعاون پر مشتمل تعلقات استوارکرکے آپ بہت اچھے نتائج حاصل کرسکتے ہےں۔ اگرممکن ہو تو اپنے گاہک سے معلوم کیجیے کہ وہ کون کون سا سامان کتنی مقدار میں چاہتا ہے پھر اپنے پاس تیار شدہ سامان کو دیکھیے۔ آپ کی پیداوار کا گاہک کے مطلوبہ سامان سے زیادہ سے زیادہ مطابق ہونا چاہیے۔ آپ ایک سپلائر سے بھی یہی معاہدہ کرسکتے ہیں۔خلاصہ یہ کہ آپ کا رقم حاصل کرلینا (Cash Flow)اس سے بہتر ہے کہ آپ اپنی رقم قرض میںپھنسالیں۔
4 کیا سپلائرز کو ادائیگی میں تاخیر کی جاسکتی ہے؟
سکے کے دوسرے رخ پر بھی غور کیجیے۔ دیکھیے! کیا آپ کے سپلائرز بھی آپ کو مہلت دینے پر تیار ہے؟ اکثر سپلائرز عمومی طور پر 30 تک ادائیگی میں تاخیر کی اجازت دیتے ہیں مگر آپ تو بحران کا شکار ہیں اس لیے سپلائرز کو کہتے ہیں کہ 60 یا 90 دن تک ادائیگی کرنے کی اجازت دے دیں۔ اس طویل عرصے میں تمام رقم آپ کے کاروبار میں لگی رہے گی اور پیسے کے بہاؤ میں بہتری آئے گی۔ اگر آپ کو بلوں کی تاخیر سے ادائیگی کی سہولت مل جاتی ہے تو آپ کا Cash Flow پیسے کا بہاؤ جاری رہے گا اور تجارت میں زیادہ دیر تک دولت لگی رہے گی۔
خلاصہ یہ کہ تخلیقی صلاحیت، تجارتی تجربے، عملی مہارت اور کاروباری طریقہ کار کو استعمال کرکے آپ ایسی حکمت عملی تیار کرسکتے ہیں، جس سے پیسے کا بہاؤ جاری رہے گا اور مختصر مدتی سرمایہ تخلیق ہوتا رہے گا۔ اس کا ایک طریقہ یہ بھی ہوسکتا ہے کہ آپ کے منیجرز اور منتظمین عمدہ صلاحیت کے حامل ہوں جو ہدف مقرر کریں اور پھر اسے حاصل کرکے دکھائیں۔