القرآن
آج کی نیکی، کل کا سرمایہ
جوشخص کوئی نیکی لے کر آئے گا،اس کے لیے اُس جیسی دس نیکیو ں کاثواب ہے، اورجوشخص کوئی بدی لے کر آئے گا، تواس کو اسی ایک بدی کی سزادی جائے گی،اوراُن پرکوئی ظلم نہیں ہوگا۔(الانعام :160،آسان ترجمہ: 318) فائدہ:
اس دنیا میں یہ عالم ہے کہ نیکیوں کے مواقع اتنے ہیں کہ گویا رستے میں پڑے مل جائیں۔ پھر اللہ کا فضل اس پر مستزاد ہے جو نیکیوں کو کئی کئی گنا بڑھا کر ثواب عطا کرتا ہے۔ کل قیامت کے روز انسان ایک نیکی کو ترسے گا، مگر مل کے نہ دے گی۔ سو، نیکی کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہ دیجیے اور گناہ کے ہر موقع سے دور بھاگنے کی کوشش کیجیے۔
الحدیث
تاجر عرش کے سائے تلے
حضرت انس رضی اللہ تعالی عنہ سے مروی ہے نبی کریم صلی اللہ علیہ و سلم نے فرمایا:’’سچ بولنے والا تاجر قیامت میں عرش کے سائے میں ہو گا۔‘‘ )ترغیب:3 / (575