القرآن

اپنے گھر والوں کو نماز کا حکم دو اور خودبھی اس پر ثابت قد م رہو۔ ہم تم سے رزق نہیں چاہتے، رزق تو ہم تمہیں دیں گے اور بہتر انجام تقوٰی ہی کا ہے۔ (طہٰ:132)

تفسیر:اس کا مطلب یہ ہے کہ جس طرح دنیا میں آقا اپنے غلاموں کو معاشی مشغلے میں لگا کر ان کی آمدنی سے رزق حاصل کرتے ہیں، اﷲ تعالیٰ تمہاری اس طرح کی بندگی سے بے نیاز ہے، اس کے بجائے وہ خود تمہیں رزق دینے کا وعدہ کرچکا ہے۔   (آسان ترجمہ قرآن: 686) 

 


  الحدیث

تنخواہ دینے میں تاخیر نہ کریں

حضرت عبداﷲ بن عمرر ضی اﷲ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ وسلم نے فرمایا: ''مزدور کا پسینہ خشک ہونے سے پہلے اس کی مزدوری ادا کردیا کرو۔'' (سنن ابن ماجہ)

تشریح:
مطلب یہ ہے کہ اجیر اور مزدور جب تمہارا کام پورا کردے تو اس کی مزدوری فوراً ادا کردی جائے ، تاخیر بالکل نہ کی جائے۔ (معارف الحدیث: 530/7)


   مسنون دعا

جب کسی (قرض دار) سے اپنا قرض پورا وصول کرلے تو اس کو یہ دعا دے:

اَوْفَیْتَنِیْ، اَوْفَی اَﷲُ بِکَ۔۔۔۔۔۔ یا ۔۔۔۔۔۔ وَفَی اَﷲُ بِکَ۔۔۔۔۔۔ یا ۔۔۔۔۔۔ اَوْفَاکَ اَﷲُ (حصن حصین:211)

ترجمہ
تم نے میرا پورا قرضہ کر دیا اﷲ تمہیں اس کا پورا اجر دے۔ یا ۔ اﷲ تم سے اپنا وعدہ پورا کرے۔

 

القرآن

پھر تم شکر کیوں نہیں کرتے ہو!
اچھا یہ بتاؤ کہ یہ پانی جو تم پیتے ہو، کیا اسے بادلوں سے تم نے اتارا ہے، یا اتارنے والے ہم ہیں؟ اگر ہم چاہیں تو اسے کڑوا بنا کر رکھ دیں، پھر تم کیوں شکر ادا نہیں کرتے؟ اچھا یہ بتاؤ کہ یہ آگ جو تم سلگاتے ہو، کیا اس کا درخت تم نے پیدا کیا ہے، یا پیدا کرنے والے ہم ہیں؟ ہم نے اس کو نصیحت کا سامان اور صحرائی مسافروں کے لیے فائدے کی چیز بنایا ہے۔ لہٰذا (اے پیغمبر) تم اپنے عظیم پرودگار کا نام لے کر اس کی (تسبیح کرو۔ (واقعہ: 67-74)

تفسیر: ''نصیحت کا سامان'' اس لیے کہ اوّل تو اس پر غور کر کے انسان اﷲ تعالیٰ کی قدرت کو یاد کرتا ہے کہ اس نے کس طرح ایک درخت کو آگ پیدا کرنے کا ذریعہ بنا دیا ، اور دوسرے اس سے دوزخ کی آگ بھی یاد آتی ہے تو اس سے بچنے کا داعیہ پیدا ہوتا ہے۔ (آسان ترجمہ قرآن:1137)

 


  الحدیث

اخلاقی برائیوں سے پاک تجارت

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ''اے گروہ تجار! تم خاص کر جھوٹ سے بچو۔'' (الترغیب والترہیب: 369/2)

تشریح:
حدیث کا پیغام یہ ہے کہ اپنی تجارت کو ہر قسم کی اخلاقی برائی سے پاک رکھنا چاہیے۔ عیب زدہ چیز کو ہرگز درست نہ بتائے۔ گاہک سے حد درجہ اخلاق سے پیش آئے۔ ایک اور حدیث پاک میں ہے، نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ''جس نے عیب والی چیز کو فروخت کیا اور عیب کو ظاہر نہ کیا،وہ ہمیشہ اللہ تعالی کی ناراضگی میں ہے۔ (سنن ابن ماجہ، حدیث: 2332) لہٰذاایک تاجر کو چاہیے جھوٹی قسمیں ہرگز نہ کھائے۔ منافع کی شرح حد سے زیادہ نہ بتائے۔ صدقہ اور زکوٰۃ کا خصوصی اہتمام کرے۔ زکوۃ ادا نہ کرنا مال و دولت میں بے برکتی کا ایک بہت بڑا سبب ہے۔


   مسنون دعا

گھر سے نکلتے ہوئے

بِسْمِ اللّٰہِ تَوَکَّلْتُ عَلٰی اللّٰہِ لَا حَوْلَ وَلَا قُوَّۃَ اِلَّا بِاللّٰہ۔(مشکوٰۃ شریف)

ترجمہ:
 میں اللہ کا نام لے کرنکلا، میں نے اللہ پر بھروسہ کیا، گناہوں سے پھرنے اور عبادت کرنے کی طاقت اللہ ہی کی طرف سے ہے

 

القرآن

اذان جمعہ پر کاروبار بند کریں
’’مؤمنو! جب جمعے کے دن نماز کے لیے اذان دی جائے تو اللہ کی یاد (یعنی نماز) کے لیے جلدی کرو اور خرید و فروخت (کاروبار) چھوڑ دو۔ اگر تم سمجھو تو یہ تمہارے حق میں بہتر ہے۔‘‘ (الجمعہ:09)
فائدہ
آیت بالا سے واضح ہے کہ جونہی جمعہ کی پہلی اذان آئے، ہر قسم کی دنیاوی مصروفیت ترک کر کے جمعے کی تیاری شروع کردینی چاہیے۔ جس اللہ پاک نے ہمیں اسباب اختیار کر نے کا حکم دیا ہے، یہ اذان بتلاتی ہے کہ اب اسی کے حکم پر ہمیں فورا اپنا کاروبار زندگی موقوف کر کے مسجد کی طرف لپکنا چاہیے۔

 


  الحدیث

  تکبر ذلیل کرتا ہے 
حضرت عمر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے رسول صلی اللہ علیہ و سلم نے ارشاد فرمایا: ’’جو اللہ تعالیٰ کے لیے تواضع و انکساری اختیار کرتا ہے تو اللہ تعالیٰ اس کو بلند فرماتے ہیں (جس کے نتیجے میں) وہ اپنے آپ کو چھوٹا سمجھتا ہے لیکن لوگوں کی نظروں میں اونچا اور بلند ہو جاتا ہے۔اور جو غرور و تکبر کرتا ہے، اللہ سبحانہ و تعالیٰ اس کو ذلیل کر دیتے ہیں (جس کے نتیجے میں) وہ اپنے آپ کو تو بہت بڑا سمجھتا ہے لیکن لوگوں کی نگاہوں میں چھوٹا اور ذلیل ہو جاتا ہے حتی کہ کتے اور خنزیر سے بھی بدتر لگنے لگتا ہے۔‘‘ (مشکاۃ المصابیح:5119)

  


   مسنون دعا

دوران سفر ورد زبان رکھیں جب کسی منزل یا ریلوے اسٹیشن یا بس اسٹاپ پر اترے تو یہ دعا پڑھے: ’’اُعُوْذُ بِکَلِمَاتِ اللّٰہِ التَّامَّاتِ مِنْ شِرِّ مَا خَلَقَ۔‘‘

 

ترجمہ
’’اللہ کے پورے کلموں کے واسطے سے اللہ کی پناہ چاہتا ہوں، اس کی مخلوق کے شر سے۔‘‘

 

القرآن
شب زندہ دار

وہ رات کے وقت کم سوتے تھے، اور سحری کے اوقات میں وہ استغفار کرتے تھے، اور ان کے مال و دولت میں سائلوں اور محروم لوگوں کا (باقاعدہ) حق ہوتا ہے۔
(سورہ الذٰریٰت: 19,18,17)

 

 


  الحدیث
گناہ کیا ہے؟

  حضرت وابصہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم نے مجھ سے فرمایا: گناہ وہ ہے جو دل میں کھٹکے اور دل اس سے بے چین اور شک میں پڑے، چاہے لوگ تمہیں فتوی ہی کیوں نہ دیں (کہ کر لو)۔ (مسند احمد: 228/4)

القرآن

کہاں گئی طاقت؟
اور ان (مکہ کے کافروں) سے پہلے ہم کتنی ہی قوموں کو ہلاک کرچکے ہیں جن کی طاقت پر گرفت ان سے زیادہ سخت تھی، چنانچہ انہوں نے سارے شہر چھان مارے تھے۔ کیا ان کے لیے بھاگنے کی کوئی جگہ تھی؟ (سورہ ق: 36)

 

 


  الحدیث
حرام پوشاک

  حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے مروی ہے: جس نے ایک کپڑا دس درہم کا خریدا۔ اس میں ایک درہم بھی حرام کا ہوا تو جب تک اس کے بدن پر وہ کپڑا رہے گا، اللہ تعالی اس کی کوئی نماز قبول نہیں کرے گا۔ (کنزالعمال: 13/4)