قدرتی اور مصنوعی دودھ سے متعلق چشم کشا حقائق؟
تازہ دودھ کی زندگی کتنی ہوتی ہے؟
پیکنگ والا دو دھ اگر کینسر کا باعث ہے تو پھر متبادل کیا ہے؟

7 قسم کے کیمیکل دودھ پر کیا مثبت یا منفی اثرات ڈالتے ہیں؟
''ایمبریو'' کے استعمال سے آسٹریلین گائے کیسے 55 تا 80 دودھ دینے لگی ہے؟
اس کے علاوہ دیگر حیرت انگیز انکشافات جاننے کے لیے آئیے! پاکستان کے مشہور ڈیری فارمر جمیل میمن سے
ملاقات کرتے ہیں!
شریعہ اینڈ بزنس
سب سے پہلے آپ کا تعارف چاہےں گے؟
جمیل میمن
1978ء میں انٹر پاس کرنے کے بعد ملازمت شروع کردی۔ والد صاحب بھی ملازمت پیشہ تھے۔ 3 سال تک جوڑیا بازار میں ملازمت کرنے کے بعد 1981ء سے وہاں بروکری کی۔ 1991ء میں بروکری کو بھی خیر باد کہتے ہوئے ڈیری فارم سے منسلک ہو گیا۔ ڈیری فارم کا آغاز 400 بھینسوں سے ''سندھ ڈیری فارم'' کے نام سے کیا، جو آج الحمد ﷲ 9 سے 10 ہزار بھینسوں پر مشتمل ہے۔ ابتدا میں تو مکمل بھینسیں ہی تھی، لیکن اب بھینسیں اور گائیں دونوں ہیں۔

شریعہ اینڈ بزنس
ڈیری فارمنگ کو اختیار کرنے کی کوئی خاص وجہ ؟

جمیل میمن
جانور پالنا سنت نبوی ہے۔ اس پیشے میں بڑی برکت ہے۔ یہ ایک حلال کاروبار ہے۔ حلال کمانا ضروری بھی ہے اور ثواب کا کام بھی۔ سود میں جکڑی معیشت سے بھی چھٹکارا ملتا ہے۔ دودھ ایک نہ ختم ہونے والا کاروبار ہے۔ 2 سے 3 کروڑ آبادی والے شہر کراچی میں دودھ کی بہت مانگ ہے۔ کراچی کے عوام تازہ دودھ پینے کے عادی ہےں۔ میڈیا کے زور پر عوام کا اب پیکنگ والے دودھ کی طرف کسی قدر رجحان مائل ہوگیا ہے۔ یہ لوگ پبلسٹی کی وجہ سے 6 فیصد زیادہ شیئرز لے گئے ہیں۔ شریعہ اینڈ بزنس
ڈیری فارمنگ ''میں سندھ ڈیری فارم'' کو کیا مقام حاصل ہے؟

جمیل میمن
سندھ ڈیری فارم اب 65 ایکڑ کے رقبے پر پھیل چکا ہے۔ اس میں جانوروں کی تعداد 9 سے 10 ہزار ہو گئی ہے۔ روزانہ کی بنیاد پردودھ کی مقدار 42 ہزار کلو ہے۔ یہاں عملے کی تعداد 450 ہے۔فارم کادودھ صرف کراچی میں سپلائی ہوتا ہے۔کیونکہ تازہ دودھ کو ایکسپورٹ کرنے کے لیے برف ، کیمیکل اور چلر وغیرہ کا استعمال کیا جاتا ہے، جو ہم نہیں کرتے۔
شریعہ اینڈ بزنس
پاکستان کی معیشت میں لائیو اسٹاک کا حصہ کتنے فیصد اور اس کا حب کہاں واقع ہے؟

جمیل میمن
پاکستان کی معیشت میں لائیو اسٹاک کا حصہ 24 فیصد ہے۔ دنیا بھر میں لائیو اسٹاک کا سب سے بڑا مرکز کراچی میں ''لانڈھی کیٹل کالونی'' ہے۔ جہاں صرف دودھ دینے والی بھینسیں اور گائیں 4 سے 5 لاکھ کی تعداد میں ہیں۔ جانوروں کی روز بروز بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر لانڈھی کیٹل کالونی میں مزید جانوروں کو رکھنے کی گنجائش نہیں رہی، جس کے باعث اب یہ سلسلہ کراچی کے اطراف میں بڑھنے لگا ہے۔ حالیہ رپورٹ کے مطابق کراچی میں دودھ دینے والی بھینسیں اور گائیں 10 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہیں۔

شریعہ اینڈ بزنس
ڈیری فارموں سے دودھ کی ترسیل کیسے ہوتی ہے؟
جمیل میمن
ڈیری فارموں والے مڈل مین کودودھ دیتے ہیں۔ اس کام میں مڈل مین کا 90 فیصد حصہ ہوتا ہے۔ انہوں نے اپنی گاڑیاں اور افراد رکھے ہوتے ہیں۔ پھر مڈل مین آگے ملک شاپس تک یہ دودھ پہنچاتے ہیں۔ ڈیری فارموں سے تازہ دودھ ڈیڑھ گھنٹے کے اندر اندر مِلک شاپس تک پہنچ جاتا ہے۔ کراچی میں مِلک شاپس 22 ہزار سے زائد ہو چکی ہیں۔ شریعہ اینڈ بزنس
دودھ کی زندگی کتنی ہوتی ہے؟
جمیل میمن
دودھ کی زندگی اﷲ تعالیٰ نے 4 گھنٹے رکھی ہے۔ اس کے بعد دودھ پھٹ جاتا ہے۔ اس کو مزید دیرپا بنانے کے لیے فریج، برف اور چلر کا استعمال کیا جاتا ہے۔ چلر دودھ کو 4 سینٹی گریڈ پر ٹھنڈا کرتا ہے، جس کی وجہ سے دودھ کی زندگی 4 گھنٹے سے بڑھ کر 16 گھنٹے تک ہو جاتی ہے، جبکہ برف اور فریج میں 44 سینٹی گریڈ پر رکھا جاتا ہے، جس کے بعد دودھ کی زندگی 8 سے 10 گھنٹے بڑھ جاتی ہے اور کیمیکل مختلف قسم کے ہوتے ہیں اور ٹائمنگ بھی جدا جدا دیتے ہیں، لیکن کیمیکل جتنے زیادہ استعمال کیے جائیں گے دودھ اتنا ہی گاڑھا اور مضر ہوگا۔


7 قسم کے کیمیکل دودھ پر کیا مثبت یا منفی اثرات ڈالتے ہیں؟ ''ایمبریو'' کے استعمال سے آسٹریلین گائے کیسے 55 تا 80 دودھ دینے لگی ہے؟ اس کے علاوہ دیگر حیرت انگیز انکشافات جاننے کے لیے آئیے! پاکستان کے مشہور ڈیری فارمر جمیل میمن سے ملاقات کرتے ہیں!

شریعہ اینڈ بزنس
چرچا ہے کہ ڈبے کا دودھ تمام جراثیم سے پاک اور توانا ہوتا ہے، جبکہ عام دودھ کے دوہنے میں احتیاط نہیں کی جاتی؟
جمیل میمن
معصوم عوام کو میڈیا کے زور پر بے وقوف بنایا جارہا ہے۔ ہر لمحہ، ہر چینل پر ٹی ملک کی ایڈ چل رہی ہے۔ عوام کو زبردستی خشک دودھ کی طرف لایا جارہا ہے۔ یاد رکھیے! خالص تازہ، قدرتی دودھ میں اتنی بچت نہیں ہے کہ اس سے 4 ارب سالانہ ایڈورٹائزنگ کا بجٹ نکالا جاسکے۔ تازہ دودھ تو نسل در نسل سے چلتا آرہا ہے اور ہمارے آباؤ اجداد زیادہ صحت مند تھے یا آج کی نسل؟ کون ڈبے کا دودھ پیتا تھا اور کون تازہ؟ یہ بات سب کے سامنے ہے۔

شریعہ اینڈ بزنس
بعض حضرات اعتراض کرتے ہیں کہ گوالے دودھ میں جوہڑ کا پانی ملاتے ہیں گندگی اور مکھی کسی بھی قسم کی احتیاط نہیں کرتے؟

جمیل میمن
یہ ہم پر اعتراض ہے کہ گوالے کا دودھ گندا ہے، جوہڑ کا پانی شامل کیا جاتا ہے۔ مکھی کے بارے میں تو حدیث مبارکہ میں آیا کہ مکھی اگر کسی چیز میں گر جائے تو اس کو نکال کر اس کا دوبارہ ایک پر ڈبو کر اس کو باہر پھینک دیا جائے۔ سوال یہ ہےہم لوگ احتیاط نہیں کرتے تو دودھ پیک کرنے والی کمپنیاں دودھ لیتی کہاں سے ہیں؟ ہمارے قریب میں ''ایک مشہور کمپنی'' والے روزانہ سوا لاکھ لیٹر دودھ کی پیکنگ کرتے ہیں، لیکن ان کے پاس اپنی ایک بکری بھی نہیں ہے، جبکہ انہوں نے انڈسٹری لگانے سے پہلے یہ حلف اٹھایا تھا کہ ہم دودھ کی پیداوار کے لیے اپنا انتظام کریں گے، مگر آج تک ان کے پاس کچھ نہیں۔ دودھ پیک کرنے والی تمام کمپنیاں یہ بات بخوبی جانتی ہیں کہ اگر ہم اپنے جانور خود پالیں تو کتنی مشکلات اٹھانی پڑےں گی؟ ظلم یہ بھی ہے کہ وہ دودھ ہم سے لے کر ہم ہی کو مارتے ہیں۔ دنیا میں لائیو اسٹاک کا سب بڑا حب ''لانڈھی کیٹل کالونی'' والے تو ایک ارب کی بھی ایڈ نہیں چلا سکتے۔ مگر ان کمپنیوں کے پاس 4 ارب سالانہ کا ایڈورٹائزنگ کے لیے بجٹ کہاں سے آتا ہے۔
شریعہ اینڈ بزنس
دودھ دودہنے کے قدیم اور جدید طریقوں کے فوائد اور نقصانات کیا ہیں؟
جمیل میمن
گائے کو دوہنے کے لیے تو یورپ نے مشین ایجاد کرلی، لیکن بھینس کو دوہنے کے لیے ابھی تک کوئی مشین ایجاد نہیں ہوئی۔ گائے کو دوہنا آسان ہے۔ اس کو دوہتے وقت اتنی طاقت خرچ نہیں کرنی پڑتی۔ نرمی، آسانی اور سہولت کے ساتھ آدمی دوہ لیتا ہے، اس کے برعکس بھینس کو دوہتے وقت کچھ نہ کچھ مشقت سے ضرور دوچار ہونا پڑتا ہے۔ بھینس کا دودھ دوہنے کے وقت گوالے کی کچھ نہ کچھ توانائی تو ضرور صرف ہوگی جس کا اثر دودھ میں شامل ہوسکتا ہے، لیکن دودھ ابال لینے کے بعد وہ اس قسم کے جراثیم سے پاک ہوجاتا ہے۔

 

. ایلومینیم فوائل پیکنگ میں کینسر کے اثرات، کثرت سے پینے والے جلد کینسر کے مرض میں مبتلا ہو جاتے ہیں

.میلا مائن کا 4 سال قبل چائنا میں پر لیٹر صرف 2NG کا پروف ملا تو چائنا نے اس کے تیار کرنے والے 9 مالکان کو پھانسی دے دی۔ پھر آج تک وہاں دودھ میں میلا مائن استعمال نہیں ہوا

. آسٹریلین گائےں8 گھنٹے کے وقفے کے ساتھ ایک دن میں 55 کلو تک دودھ دیتی ہیں

شریعہ اینڈ بزنس

کس حدتک درست ہے کہ پیکنگ کا دودھ غذائیت سے بھرپور اور ہائی جینک مِلک ہوتاہے؟

جمیل میمن

دودھ دوہے جانے کے بعد جب کمپنیاں تازہ دودھ اکٹھا کرنا شروع کرتی ہیں تو دودھ کی زندگی تو وہیں پوری ہوجاتی ہے، کیونکہ 6سے 8 گھنٹے کے سفر کے بعد دودھ پیکنگ سینٹرز تک پہنچتا ہے اور دودھ کی اپنی زندگی صرف 4 گھنٹے ہوتی ہے۔ پھر کمپنیوں والے اس کو دیرپا بنانے کے لیے اس میں کیمیکل ڈالتے ہیں، جس کے باعث دودھ سینٹر میں پہنچتے پہنچتے زہر بن چکا ہوتا ہے۔ مزید ظلم یہ کہ کمپنیوں میں دودھ پہنچ جانے کے بعد ''دودھ غذائیت سے بھرپور نہیںہوتا'' بلکہ غذائیت کو کریم کے نام پر نکال لیا جاتا ہے۔ یہ کریم باہر کے ممالک میں بٹر مِلک (Butter Milk) کے نام سے ایکسپورٹ ہو جاتی ہے۔ باقی رہ جاتا ہے پھوک، اس میں پاؤڈر اور 6 سے 7 قسم کے کیمیکل مکس کر کے اس کو گاڑھا کیا جاتا ہے۔ یہ ہے ہائی جینک ملک کی کہانی! جس میں دودھ نہیں بلکہ ہے پانی اور ہم اسے White Milk نہیں بلکہWhite Metirl کہتے ہیں اور اس کو ہائی جینک مِلک کے نام سے متعارف کروایا جاتا ہے، جبکہ اس کے اندر تو کچھ رہا ہی نہیں۔

شریعہ اینڈ بزنس

کیا Milk UHT (Ultra Heated Treated Milk)فروخت کرنے کی کھلے عام اجازت ہے؟

جمیل میمن

پوری دنیا میں Milk UHT (الٹرا ہیٹڈ ٹریٹڈ مِلک) کو کیمپنگ مِلک کا نام دیا گیا ہے۔ UHT Milk کو دنیا میں اس لیے متعارف کروایا گیا کہ یہ لوگ اس کو صرف مجبوری کی حالت میں ایک فیصد کی حد تک استعمال کرسکتے ہیں۔ کبھی کسی علاقے میں آسمانی آفت آجائے یا علاقے میںدودھ کا قحط پڑ جائے تو دور دراز کے علاقوں میں دودھ پہنچانے کے لیے اس طریقے کو اختیار کیا جاتا ہے۔ دودھ کا نام کیمپنگ ملک بھی اس لیے رکھا گیا کہ کسی مقام پر لوگ ایمرجنسی کی صورت میں کیمپوں میں زندگی بسر کررہے ہیں۔ حکومت یا فلاحی اداروں کے پاس ایسے وسائل نہیں ہےں کہ دودھ کو لوگوں تک پہنچایا جائے۔

شریعہ اینڈ بزنس

UHT MILK اور Tea Wihtner کے کثیر استعمال سے کینسر میں مبتلا ہونے کا خوف کیوں ہے؟

جمیل میمن

آپ اگر کسی بھی ڈبے والے دودھ کی پیکنگ دیکھےں تو اس کی اندرونی ساخت سلور رنگ میں ایلومینیم فوائل سے کی جاتی ہے۔ اس بارے یہ بات تحقیق سے ثابت ہوچکی ہے کہ ایلومینیم فوائل پیکنگ میں کینسر کے اثرات ہوتے ہیں، جو لوگ پیکنگ والا دودھ یا چائے کا بلا ناغہ اہتمام کرتے ہیں وہ جلد کینسر کے مرض میں مبتلا ہوجاتے ہیں۔ اسی وجہ سے باہر کے ممالک میں اس کا استعمال بہت کم ہے۔ ان کے ہاں ڈبوں پر واضح لکھا ہوتا ہے کہ زیادہ استعمال کینسر کا باعث بن سکتا ہے، جبکہ یہاں ہمیں زبردستی پلایا جاتا ہے۔ اندھادھند پبلسٹی کے ذریعے اس کی طرف عوام کو رغبت دلائی جارہی ہے اور کہا جارہا ہے یہی خالص ہے اور مفید بھی۔ یہ یہودیوں کی سازش ہے، جنہوں نے اس کو پاکستان میں عام کروایا اور نوجوان نسل کو کھوکھلا کرنے کے لیے گھر گھر تک پہنچایا۔ وگرنہ آج سے صرف چند برس قبل کوئی پاکستانی نہیں جانتا تھا کہ یہ کیا ہے؟ کہاں سے آرہا ہے؟

شریعہ اینڈ بزنس

UHT مِلک کا روز بروز اضافہ نسلِ نو کو کھوکھلا کر رہا ہے تو اس کی متبادل صورت کیا ہوسکتی ہے؟

جمیل میمن

اگر ان لوگوں نے پیکنگ والا دودھ ہی سیل کرنا ہے تو پیسچرائزڈ ملک فروخت کریں، جس کو 72 فیصد سینٹی گریڈ تک ہیٹ دی جاتی ہے۔ یعنی وہی ہیٹ جو آپ خود اپنے گھر میں دودھ گرم کرتے وقت دیتے ہیں۔پورے یورپ میں پیسچرائزڈ دودھ ہی تیار کیا جاتا اور سپلائی ہوتا ہے۔ UHT ملک نہیں ہوتا۔ میرا انڈیا جانا ہوا تو انڈیا میں بھی پیسچرائزڈ ملک ہی تھا، UHT ملک نہیں تھا۔ ہاں! اس کی ایک انڈسٹری لگ رہی تھی ۔

شریعہ اینڈ بزنس

پیسچرائزڈ (Pasteurized)ملک کیسے تیار کیا جاتا ہے؟

جمیل میمن

پیسچرائزڈ ملک کو 72 سینٹی گریڈ پر ہیٹ دی جاتی ہے۔ یہ وہی ہیٹ ہے جس ہیٹ پر آپ خود گھر میں دودھ ابالتے ہیں۔ پیسچرائزڈ ملک ہیٹ دینے کے فوراً بعد لمحوں میں ہی4 سینٹی گریڈ تک چلّر میں تبدیل کر دیا جاتا ہے۔ اس کو پلاسٹک بوتل یا تھیلیوں وغیرہ میں پیک کر دیا جاتا ہے اور 4 سینٹی گریڈ میں ہی رکھا جاتا ہے۔ اگر آپ نے پیسچرائزڈ ملک کو 4 سینٹی گریڈ تک ٹھنڈا نہیں رکھا تو یہ بھی تازہ دودھ کی طرح 4 سے 6 گھنٹوںکے بعد پھٹ جائے گا۔

شریعہ اینڈ بزنس

UHT Milk اتنا کھلے عام فروخت ہورہا ہے تو کیا اس کے بارے میں کوئی پوچھ گچھ نہیں ہوتی؟

جمیل میمن

یہ لوگ بہت شاطر ہیں، یہ اپنی اس پروڈکٹ کو اب دودھ نہیں بولتے، آپ نے سنا ہوگا نئی کمپنیوں کے ''لوگو'' ''چائے کا صحیح جوڑ''، ''بنائے 4کپ، خاص کریمی چائے'' کے نام کی طرح آرہے ہیں۔

شریعہ اینڈ بزنس

پیکنگ کرتے وقت اس میں گاڑھا پن اور اس کی زندگی کو بڑھانے کے لیے یہ لوگ کیا طریقہ اختیار کرتے ہیں؟

جمیل میمن

اس کی زندگی کو بڑھانے کے لیے اس میں 7 قسم کے کیمیکل کا استعمال کیا جاتا ہے۔ وہ کیمیکل ''فوڈ کیمیکل'' نہیں، بلکہ ''مضر کیمیکل'' ہوتے ہیں۔ ان کا استعمال مسلم نسل کو جسمانی طور پر کھوکھلا کرنے کے لیے یہ اسلام مخالف جماعتوں کی سازشیں ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ اس میں مزید گاڑھا پن لانے کے لیے دودھ میں میلامائن بھی ملایا جاتا ہے۔ پاکستان میں ایک لیٹر دودھ میں MB 5 تک میلا مائن کا پروف ملا، لیکن کیس کو دبا دیا گیا۔ میلا مائن سے آج کل مہندی، بیاہ کی سجاوٹ کے برتن اور بیکری سامان کیک وغیرہ کے نیچے رکھی گئی سلور کی پلیٹیں بنائی جاتی ہے۔ اسی میلا مائن کو جب4 سال قبل چائنا میں فی لیٹر صرف 2NG کا پروف ملا تو چائنا نے اس کے تیار کرنے والے 9 مالکان کو پھانسی دے دی۔پھر آج تک وہاں دودھ میں میلا مائن استعمال نہیں ہوا اور نہ ہی وہاں UTHملک بنانے کی اجازت ہے۔ پھانسی کی وجہ یہ بنی کہ یہ دودھ بعض معصوم بچوں کو پلایا گیا تو وہ اپنی زندگیوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ اس کے بعد چائنا میں روزانہ ہر سکول پر یہ لازم ہو گیا کہ وہ اپنے بچوں کو ایک گلاس دودھ ضرور پلائے گا۔ سوپ اور سبزی کھانے والی چینی قوم کے پاس جب دولت آئی اور ریسرچ کے دروازے کھلے تو وہ جان گئے کہ جس بچے کو روزانہ ایک گلاس دودھ نہیں ملتا اس کے دماغ کی نشوونما ہی نہیں ہوسکتی۔ دودھ پلانے کی یہ پابندی اتنی سختی سے کی گئی کہ آئندہ آنے والی نسلِ نو ڈفر پیدا نہ ہو اور اسی وجہ سے اب چائنا کی گورنمنٹ لاکھوں گائے کسانوں کو مفت دے رہی ہے۔

شریعہ اینڈ بزنس

اکثر ڈاکٹر شیر خوار بچوں کے لیے خشک دودھ کا مشورہ کیوں دیتے ہیں؟

جمیل میمن

کچھ عرصہ ایسا بھی ہوا، لیکن اب اکثر ڈاکٹر خشک ڈبے کے دودھ کے بجائے بچے کی اپنی ماں یا پھر گائے، بھینس اور بکری کے دودھ کا مشورہ دیتے ہیں۔ کیونکہ دنیا کے تمام سائینٹفک اس بات پر متفق ہیں کہ بچے کے لیے ماں کے دودھ سے بڑھ کر کوئی دودھ نہیں ہے۔ کیونکہ بچے کی نشوونما، جو قوت اور توانائی ماں کے دودھ سے ہوتی وہ کسی اور سے نہیں ہوسکتی۔ اس کا تجربہ ہمیں یہاں اپنے فارم میں بھی ہواکہ ہم اگر کسی گائے کے بچے کو اس کی ماں کے علاوہ کسی اور کا دودھ پلا دےں تو بچے کو موافق نہیں آتا، طبیعت بگڑنے لگتی ہے اور وہ کمزور ہونے لگتا ہے۔ یہ اﷲ تعالیٰ کی قدرت ہے۔

شریعہ اینڈ بزنس

دودھ کی پیدوار کیسے بڑھائی جاسکتی ہے؟

جمیل میمن

اس بات پر ایک عرصے سے ریسرچ ہورہی ہے کہ دودھ کی پیدوار کیسے بڑھائی جائے؟ تو انگریزوں نے سب سے پہلے ان جانوروں میں تمیز کی، دودھ دینے والوں اور گوشت والوں کو الگ کیا۔ پھر اچھی نسل کی چھانٹی اور ردی کی صفائی شروع کردی۔ اس دوران انہوں نے اچھی اور ردی کا آپس میں اختلاط بھی کروایا، جس کے باعث 8 کلو دودھ دینے والے گائے ایک دن میں 80کلو دودھ دینے لگی۔ بہت تاخیر سے پاکستان میں یہ عمل بھی شروع ہو چکا ہے۔ اس سے پہلے پاکستانی میں اچھی سے اچھی گائے 15 سے 20 لیٹر سے اوپر نہیں گئی۔

شریعہ اینڈ بزنس آپ اس مقام کو اتنی جلدی کیسے پہنچ گئے تھے؟

جمیل میمن

چونکہ ہمارے ملک میں امریکا وغیرہ سے گائے امپورٹ کرنے پر پابندی ہے۔ ہماری گورنمنٹ کا کہنا ہے کہ گائے امپورٹ کریں گے تو ساتھ میں بیماریاں آنے کا اندیشہ بھی ہے۔ ہم نے اس کا شارٹ کٹ کیا۔ سب سے پہلے میں نے اس آسٹریلین گائے کا ایمبریو (7 Day Baby) منگوایا۔ یہ بچہ دانی کے ساتھ چپٹا ہوا ہوتا ہے، کیونکہ بچہ 7ویںدن بچہ دانی کے اندر چلا جاتا ہے تو ہم اس کو 6 ویں دن فلش کرلیتے ہیں۔ -190 سینٹی گریڈ نائیٹروجن سلنڈر گیس کی پیکنگ میں آتا ہے۔ میرے پا س جو آسٹریلین گائے ہےں وہ 8 گھنٹے کے وقفے کے ساتھ ایک دن میں 55 کلو تک دودھ دیتی ہیں۔ شریعہ اینڈ بزنس ہمارے ڈیری فارمروں نے اس پر توجہ کیوں نہ دی؟ جمیل میمن جب وہ لوگ یونیورسٹیاں بنارہے تھے تو ہم تاج محل بنا رہے تھے۔ وہ چلے گئے کمرشل سائٹ کی طرف۔ تو اس میں 300 سے 400 سالوں کا فرق ہے۔ تو اب اتنا تو فرق پڑے گا۔