وطن عزیز میں ہر چوتھا شخص کم آمدنی، اخراجات کے بوجھ اور مہنگائی کا رونا روتا ہے۔ اس کی جہاں دیگر وجوہات ہیں، وہیں سب سے بڑی وجہ ہم خود ہوتے ہیں۔ ہم اگر مہنگائی کے عذاب سے تنگ ہیں تو تھوڑی سی محنت کر کے اپنی آمدنی میں اضافہ کرسکتے ہیں۔ ہم چھوٹی سطح کے منافع بخش کاموں کی فہرست بنائیں تو یہ صفحہ بھر سکتا ہے، مثلاً: شہد کا کاروبار ہی لے لیجیے یہ تھوڑے پیسوں، بغیر دکان اور ملازمین کے شروع کیا جاسکتا ہے۔ اس کے لیے ابتدا میں زیادہ سرمایہ بھی درکار نہیں ہوتا۔ یہ کاروبار دوسری مصروفیات پر بھی اثر انداز نہیں ہوتا۔
٭…کسی کام کی ابتدا شک کی بنیادوں پر ہو تو وہ زیادہ دیر تک نہیں چلتا۔ آپ اگر کام شروع کرناچاہتے ہیں تو دورائے کا شکار نہ ہوں، بلکہ پختہ عزم اور ہمت سے بسم اللہ کیجیے، ان حالات میں وہمی مزاج دوستوں سے دور رہیں
یہ ایک صاف ستھرا، کم خرچ اور مناسب آمدنی کا بہترین ذریعہ ہے۔ آپ کے اہل و عیال اس میں آپ کے معاون ومددگار ثابت ہوسکتے ہیں۔ اگر کوئی رکاوٹ ہے تو وہ آپ خود ہیں۔ کا م کی ابتدا میں چند مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جن کا مقابلہ درج ذیل طریقوں سے کر کیبآسانی کاروبار کو پھیلا جا سکتا ہے:
پختہ عزم
کسی کام کی ابتدا شک کی بنیادوں پر ہو تو وہ زیادہ دیر تک نہیں چلتا۔ آپ اگر کام شروع کرناچاہتے ہیں تو دورائے کا شکار نہ ہوں، بلکہ پختہ عزم اور ہمت سے بسم اللہ کیجیے، ان حالات میں وہمی مزاج دوستوں سے دور رہیں، وہ آپ کے لیے نقصان دہ ثابت ہوسکتے ہیں۔ ہر کام میں’’نقصان ہونے کا اندیشہ‘‘ سوچنے والا شخص رات کو بھوکا سوتا ہے آپ جس قدر مثبت اور ہمت والے جذبہ سے کام شروع کریں گے اسی قدر نفع اور ترقی کریں گے۔
اہل و عیال کی آمادگی
ہم آپ کو پہلے بتا چکے ہیں کہ یہ کام بغیر ملازمین کے بھی ہو سکتاہے۔ اس میں آپ کا بہترین مددگار آپ کا کنبہ ہے، بیوی بچوں کو اعتماد میں لیجیے، ان کو کام کی ترتیب بتایئے۔ ملازموں سے کرایا جانے والا کام یہ لوگ بغیرلاگت کے کرسکتے ہیں۔ انہیں ضروری اشیاء کی فراہمی اور ابتدائی طریقہ کار بتانا مت بھولیے۔
اہل تجربہ سے ملاقات
آپ کے علاقے میں ضرور ایسے افرادہوں گے جنہیں اس کام کا تجربہ ہوگا۔ ان سے ملیے، کاروبار کے متعلق ضروری مشاورت اور ہدایات لیجیے۔ درختوں اور جنگلوں سے شہد تلاش کرنے والے مزدوروں سے رابطہ کریں علاقے میں موجود بڑے اسٹوروں کا وزٹ کریں مختلف جگہوں سے ریٹ کا اندازہ لگائیں۔ شہد کی مختلف قسموں کے بارے میں معلومات حاصل کریں۔ ہمیشہ اچھی انواع کا انتخاب کریں۔
اپنے کام کی تشہیر
ذرائع ابلاغ کے اس تیز ترین دورمیں کسی بات کو پھیلانا زیادہ مشکل نہیں رہا۔ ایسے جدید ذرائع آپ بھی استعمال کیجیے۔ موبائل ایس ایم ایس اور فیس بک کے ذریعے دوستوں کو مطلع کریں،اپنے علاقے میںپمفلٹ یا اشتہاروں کی صورت میں بھی تشہیر کرنا نہ بھولیں۔ علاقے کی مشہور جگہوں پر اشتہار آویزاں کرنے سے چند ہی دنوں میں لوگ متعارف ہوجائیں گے۔ اپنے رشتہ داروں کو بھی بتائیے، وہ بطور تعاون آپ کے گاہک بنیں گے۔
پرانے گاہکوں کی تلاش
پرانے گاہکوں سے مراد شہد کا مستقل استعمال کرنے والے لوگ ہیں۔ یہ حضرات ہمیشہ ایسے دکاندار کی تلاش میں ہوتے ہیں جو خالص شہداطمینان بخش ریٹ پر سودا کرے، ایسے لوگ بآسانی مل جاتے ہیں۔ انہیں اپنے کام سے مطمئن کیجیے۔ جھوٹ اور غلط بیانی سے ہمیشہ بچیے، دھوکے سے کما یا ہوا مال صحت کبھی نہیں، ہمیشہ بیماری دیتاہے۔
بہتر خدمات کی فراہمی
سب سے اہم اور بنیادی بات یہ کہ اپنے کام کا معیار علاقے میں موجود دوسر ے تاجروں سے حتی الوسع اچھا اور معیاری رکھنے کی کوشش کریں، ابتدا میں قائم ہونے والا گمان آپ کی ساکھ بناتاہے جو لمبے عرصے تک چلتا ہے، پہلا تاثر اچھا ہونے سے گاہک پر بہرحال ضرور اثر پڑتا ہے۔ لالچ اور حرص کو اپنے قریب نہ بھٹکنے دیں، یہ آپ کومختلف اوقات میںنقصان دے سکتی ہے۔ ابتدا میں زیادہ منافع کی فکر نہ کریں، بلکہ کام کے معیار پر زیادہ توجہ دیں۔ یہ سب باتیں آپ کے کاروبار کو پھیلانے میں معاون ثابت ہوںگی۔